• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت کے ساتھ تعلقات کی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی، دفتر خارجہ کی بلاول بھٹو کے بیان پر وضاحت

شائع June 18, 2022
دفتر خارجہ نے  کہا کہ  بلاول بھٹو کے بیانات کو تنازعات کے حل کے مجموعی تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے— فائل فوٹو: عرب نیوز
دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیانات کو تنازعات کے حل کے مجموعی تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے— فائل فوٹو: عرب نیوز

دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے گزشتہ روز بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق دیے گئے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جب کہ موجودہ پالیسی پر قومی اتفاق رائے ہے۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو نے ایک بیان دیا تھا جس میں وہ بظاہر بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے حوالے سے وکالت کرتے نظر آرہے تھے۔

حکومتی فنڈنگ سے چلنے والے تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں خارجہ پالیسی کے حوالے سے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی اہم تقریر میں بلاول بھٹو نے بھارت اور امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مسائل کا شکار قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے امریکی دباؤ کی رپورٹ مسترد کردی

اپنی تقریر کے دوران وزیر خارجہ نے بھارت کے تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معاشی سفارت کاری کی جانب توجہ دی جائے اور تعلقات کی بحالی پر توجہ مرکوز کی جائے۔

بلاول بھٹو نے استدلال کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ اور تنازعات کی طویل تاریخ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے اقدامات اور اس کے مسلم کش یجنڈے کے باوجود بھارت کے ساتھ تعطل کا شکار تعلقات پاکستان کے مفاد میں نہیں ہیں۔

آج اپنے بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ کے ان بیانات کی سیاق و سباق سے ہٹ کر تشریح کی گئی اور ان بیانات کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیانات کو تنازعات کے حل کے ان کی تقریر کے بنیادی پیغام کے مجموعی تناظر اور سیاق و سباق میں بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے، انہوں نے تھنک ٹینک کی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران تنازعات کے حل پر زور دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دفتر خارجہ نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کے حوالے سے بھارتی الزامات مسترد کردیے

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کا ہمیشہ خواہش مند رہا ہے اور تنازع کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کے لیے تعمیری روابط اور نتیجہ خیز مذاکرات کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی نہ ختم ہونے والی دشمنی، وعدوں سے مکرنے اور حالات کو مزید بگاڑنے والے اقدامات نے ماحول خراب کیا اور امن و تعاون کے امکانات کو روکا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ان وجوہات کی بنا پر بھارت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں اس نقطہ نظر اور مؤقف کو واضح انداز میں بیان کیا تھا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیان پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نام نہاد دہشت گرد ماڈیول بے نقاب کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہیں، دفتر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی ضرورت پر بیانات دینا جب کہ فاشسٹ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں پر ظلم کر رہا ہے، یہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے موجودہ وزیر خارجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے امپورٹڈ وزیر خارجہ سے درخواست کرتا ہوں کہ برائے مہربانی دفتر خارجہ کے ساتھ اپنی پہلی پروفیشنل انٹرن شپ جیسا سلوک کرنا بند کر دیں۔

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اس وقت مودی کے فاشسٹ بھارت سے بغل گیرہونا چاہتا ہےجب کہ بھارت میں مسلمانوں پر عرصۂ حیات تنگ اور انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے اور قابض بھارتی افواج مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر جبر و استحصال کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔

شیریں مزاری نے کہا تھا کہ امپورٹڈ سرکار شرمناک انداز میں آدابِ غلامی بجا لارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024