• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تنویر جمال شدید علیل، ہسپتال کی ویڈیوز وائرل

شائع June 16, 2022
اداکارہ میں پہلی بار 2016 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ میں پہلی بار 2016 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستانی ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سینیئر اداکار تنویر جمال کو شدید علیل حالت میں جاپان کے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

تنویر جمال میں گزشتہ ماہ مئی میں دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ جاپان منتقل ہوگئے تھے اور اب انہیں شدید علیل ہونے کے بعد ہسپتال داخل کرادیا گیا۔

تنویر جمال کی شدید علیل حالت کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں انہیں انتہائی کمزور حالت میں ویل چیئر پر بیٹھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تنویر جمال کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے، جس وجہ سے انہوں نے چہرے پر گیس ماسک بھی لے رکھا ہے۔

ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ انہیں جاپان کے کس ہسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم روزنامہ ’جنگ‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انہیں تویاما شہر کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

تنویر جمال نے 1990 سے قبل کیریئر شروع کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
تنویر جمال نے 1990 سے قبل کیریئر شروع کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اخبار نے اپنی رپورٹ میں اداکار کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، جس وجہ سے انہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق تنویر جمال میں اسٹیج فور کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ جاپان منتقل ہونے سے قبل پاکستان میں بھی بیماری کا علاج کرواتے رہے ہیں۔

نویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی ہے اور وہاں اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد جاپان جاتے ہیں۔

تنویر جمال ابتدائی طور پر 2016 میں بھی کینسر کا شکار ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہوگئے تھے لیکن گزشتہ برس سے ان کی صحت ناساز تھی۔

اداکار میں 2016 میں پہلی بار کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکار میں 2016 میں پہلی بار کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ برس سوشل میڈیا پر خبریں گردش میں تھیں کہ تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم اداکار اور ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کی تصدیق نہیں کی تھی۔

تنویر جمال نے 1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیئر اداکار تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص

پہلے ڈرامے کی کامیابی کے بعد تنویر جمال پی ٹی وی کے دیگر متعدد مشہور ڈراموں ’جناح سے قائد، سمجھوتا، بابر، انتہا، جنم جلی اور جلتے سورج‘ سمیت 90 کی دہائی کے دیگر مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا اور کم وقت میں اپنی منفرد پہنچان بنائی۔

رپورٹس کے مطابق تنویر جمال میں فور اسٹیج کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
رپورٹس کے مطابق تنویر جمال میں فور اسٹیج کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

تنویر جمال نے بحرین، پیرس، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں ہوٹلنگ اور بزنس اداروں میں ملازمتیں بھی کیں اور انہوں نے جاپانی نژاد لڑکی سے ہی کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی شادی کرلی تھی۔

تنویر جمال نے 2021 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے شادی کے لیے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے۔

تنویر جمال نے بتایا تھا کہ شادی سے قبل ان کے ایک اور جاپانی لڑکی سے تعلقات تھے مگر ان سے ان کی شادی نہ ہوسکی تھی۔

تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جب کہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔

وائرل ویڈیوز میں تنویر جمال کو انتہائی کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ
وائرل ویڈیوز میں تنویر جمال کو انتہائی کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024