• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

گرے لسٹ سے اخراج کی امید، 100 انڈیکس میں 400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ

شائع June 15, 2022
ہفتے کے آغاز پر کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 1100 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی
ہفتے کے آغاز پر کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 1100 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے اخراج کی امیدوں پر بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ کا آغاز مثبت ہوا اور کاروبار کے ابتدا میں 400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا۔

قبل ازیں ہفتے کے آغاز پر کاروبار کے دوران مارکیٹ میں ایک ہزار 100 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے انڈیکس 461 پوائنٹس یا 1.12 فیصد اضافے کے ساتھ 41 ہزار 516 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ گزشتہ روز کاروبار 41 ہزار 55 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ 23-2022: 'اسٹاک مارکیٹ کیلئے توقع سے بہتر رہا'

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ رضا جعفری نے چین کی جانب سے مزید مالی معاونت کی یقین دہانی کو مارکیٹ کے لیے مثبت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اعلان کردہ بجٹ اقدامات کے ساتھ آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی جاری ہیں اور پروگرام جلد بحال ہوسکتا ہے۔

تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ رواں ہفتے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے جائزے میں پاکستان گرے لسٹ سے نکل سکتا ہے۔

عارف حبیب کارپوریشن کے ڈائریکٹر احسن محنتی نے بھی اس بات سے اتفاق کیا، ڈان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں گرے لسٹ سے اخراج کا فیصلہ ہونے سے قبل سرمایہ کاروں کی قیاس آرائیوں پر اسٹاک ایکسچینج نے بہتری دیکھی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور بجٹ میں کیپٹل گین ٹیکس (سی جی ٹی) میں کمی نے بھی کاروباری سرگرمیاں بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا‘۔

مزید پڑھیں: بجٹ کے بعد ڈالر 204 روپے کی تاریخی بلندی پر، اسٹاک مارکیٹ میں بھی 1100 پوائنٹس سے زائد کی کمی

ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے سربراہ سلمان نقوی نے نشاندہی کی کہ مارکیٹ ’زائد فروخت‘ کے زون میں تھی اور اب ’تکنیکی بہتری‘ کے رخ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین سے قرضوں کی ری شیڈولنگ نے مارکیٹ کو واپس ابھرنے میں مدد دی اور سرمایہ کاروں کو ہمسایہ ملک سے مالی معاونت کی شمولیت کی امید ہے۔

خیال رہے کہ پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی تھی اور کے ایس ای انڈیکس ایک ہزار 135 پوائنٹس گر گیا تھا۔

تجزیہ کاروں نے اس صورتحال کو دیگر پہلوؤں کے علاوہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں بینکنگ سیکٹر پر ٹیکسز میں اضافے سے منسلک کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024