• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی کیلئے بجلی 5 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

شائع June 14, 2022
نیپرا میں کے الیکٹرک کی جنوری سے مارچ کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی — فائل فوٹو: اے ایف پی
نیپرا میں کے الیکٹرک کی جنوری سے مارچ کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی — فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی 5 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

کے الیکٹرک کے اپریل کے ماہانہ فیول چارجز اور تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈکوارٹرز میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی، جس کی صدارت چیئرمین نیپرا انجینیئر توصیف ایچ فاروقی نے کی۔

اس اضافے سے کے الیکٹرک صارفین پر تقریباً 10 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم، نیپرا تفصیلی فیصلہ اور نوٹی فکیشن بعد میں جاری کرے گا۔

مزید پڑھیں: نیپرا نے صارفین پر 28 ارب روپے کے اضافی بوجھ کی منتقلی مؤخر کردی

کے الیکٹرک نے پہلے اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر نظرثانی کے بعد کے الیکٹرک نے 5 روپے 30 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔

نیپرا نے اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لیے بجلی 5 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی۔

نیپرا میں کے الیکٹرک کی جنوری سے مارچ کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔

کے الیکٹرک نے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 52 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا، بعد میں نظر ثانی کرکے 3 روپے 79 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا کا کراچی میں زیادہ لوڈشیڈنگ کی شکایات پر عوامی سماعت کا فیصلہ

نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ نوٹی فکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا۔

دوران سماعت چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ بنیادی ٹیرف صرف ایک کمپنی کا نہیں پورے ملک کا ہے۔

بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجوہات کا سب کو علم ہے، حکومت بنیادی ٹیرف کے حوالے سے نیپرا میں درخواست دائر کرے گی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کے الیکڑک رات کے وقت لوڈشیڈنگ کیوں کر رہی ہے ؟

اس پر کے الیکٹرک حکام نے دعویٰ کیا کہ رات کے وقت لوڈشیڈنگ اعلانیہ ہے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں۔

کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ رات کو بجلی کی طلب 3 ہزار 500 میگاواٹ تک ہوتی ہے اور پیک اوقات میں بجلی کی قلت 400 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکڑک تمام شراکت داروں کےساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے اور تمام شراکت داروں کو اپنی اقدمات کے حوالے سے اعتماد میں لے۔

مزید پڑھیں: کراچی: نیپرا کی عوامی سماعت بدنظمی کا شکار، کے الیکٹرک کیخلاف نعرے بازی

نیپرا کی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق ایف سی اے کی مد میں 5 روپے 28 پیسے فی یونٹ بنتا ہے، نیپرا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 83 پیسے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا۔

نیپرا نے کہا کہ اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 45 پیسے زیادہ چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق بھی صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024