• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

طوبیٰ حسن آئی سی سی ’پلیئر آف دی منتھ‘ کا اعزاز جیتنے والی پہلی پاکستانی ویمن کرکٹر

شائع June 14, 2022
طوبیٰ نے حال ہی میں اپنی پہلی ڈیبیو سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا تھا — فوٹو بشکریہ پی سی بی
طوبیٰ نے حال ہی میں اپنی پہلی ڈیبیو سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا تھا — فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسپنر طوبیٰ حسن کو عمدہ کارکردگی پر مئی کے مہینے کے لیے آئی سی سی کی بہترین ویمن کرکٹر قرار دیا گیا ہے اور وہ یہ اعزاز جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔

طوبیٰ نے حال ہی میں اپنی پہلی ڈیبیو سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا تھا جس کا انعام انہیں اس ایوارڈ کی صورت میں ملا ہے۔

21 سالہ اسپنر نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستان کی 1-2 سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور 8.8 کی اوسط اور 3.66 کی اکانومی سے پانچ وکٹیں لینے پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں ان کی سب سے شاندار کارکردگی کراچی میں کھیلے گئے کیریئر کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں تھی جس میں انہوں نے 8 رنز کے عوض تین وکٹیں لی تھیں۔

انہوں نے اس ایوارڈ کی دوڑ میں اپنی کپتان بسمہ معروف اور ٹرینیٹی اسمتھ کو پیچھے چھوڑا تھا۔

قومی ٹیم کی سابق کپتان اور ووٹنگ پینل کی رکن ثنا میر نے نوجوان پاکستانی کرکٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ طوبیٰ نے اپنی ڈیبیو سیریز میں بہت زیادہ اعتماد اور کمال مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ کچھ وقت سے مسلسل محنت کر رہی ہیں اور انہیں پاکستان کے لیے پہلی سیریز میں کامیابی کا جشن مناتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لمحہ تھا۔

دوسری جانب سری لنکا کے تجربہ کار آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کو مئی کے لیے مردوں میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

مزید پڑھیں: عمدہ کارکردگی پر حسن علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد

انہیں یہ ایوارڈ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر دیا گیا جہاں انہوں نے دو ٹیسٹ میچوں میں 172 کی اوسط سے 344 رنز بنائے تھے۔

انہوں نے چھتوگرام میں 199 اور میرپور میں 145 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جس کی بدولت ان کی ٹیم فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں قیمتی پوائنٹس بٹورنے میں بھی کامیاب رہی۔

جنوری 2021 میں اس ایوارڈ کے آغاز کے بعد سے میتھیوز یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے سری لنکن کرکٹر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024