ناروے کے ڈانسرز کی ’کنا یاری‘ پر رقص کی ویڈیو وائرل
کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے معروف بلوچی گانے ’کنا یاری‘ پر دیسی لوگوں کے جھومنے کی ویڈیوز کے بعد اب یورپی ڈانسرز کی رقص کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔
’کنا یاری‘ کو رواں برس جنوری میں کوک اسٹوڈیو کے بینر تلے ریلیز کیا گیا تھا، جسے کیفی خلیل، ایوا بی اور وہاب بگٹی نے گایا تھا۔
’کنا یاری‘ کو ریلیز ہوتے ہی سراہا گیا تھا اور اس کا شمار سیزن 14 کے مقبول ترین گانوں میں ہوتا ہے، اسی سیزن کے گانے ’پسوڑی‘ نے ریکارڈ بھی بنائے تھے۔
’پسوڑی‘ کی طرح ’کنا یاری‘ پر بھی جہاں دیسی لوگوں نے ڈانس کی ویڈیوز بنائیں، اب وہیں غیر ملکی لوگوں کی رقص کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں اور انہیں کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ناروے کے ڈانس گروپ کی ’کنا یاری‘ پر ڈانس کی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں گروپ ارکان کو ایک شادی کی تقریب میں بلوچی گانے پر پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
’کنا یاری‘ پر ناروے کے معروف ڈانس گروپ ’دی کوئک اسٹائل‘ کے ارکان کو ایک شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ گروپ نے 13 جون کو انسٹاگرام پر ’کنا یاری‘ پر رقص کرنے کی ویڈیو شیئر کی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
مذکورہ گروپ کے زیادہ تر ارکان کا تعلق پاکستان سے ہے، جن کی پیدائش وہیں ناروے میں ہوئی تھی۔
’دی کوئک اسٹائل‘ ڈانس گروپ کو پاکستانی نژاد بھائیوں سلیمان اور بلال ملک نے 2006 میں بنایا تھا اور بعد ازاں ان کے بھائی اور قریبی دوستوں نے بھی گروپ کو جوائن کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے گروپ ناروے کا سب سے بڑا ڈانس گروپ بن گیا۔
’دی کوئک اسٹائل‘ میں نصف درجن سے زائد ڈانس ارکان شامل ہیں، جن میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، تاہم ان کی پیدائش اور تربیت وہیں ہوئی ہے، علاوہ ازیں گروپ میں دیگر اسلامی ممالک کے ارکان سمیت ناروے کے مقامی ارکان بھی شامل ہیں۔
مذکورہ گروپ کا مقصد مختلف ثقافتوں اور موسیقی کے ذریعے ہم آہنگی کو فروغ دینے ہے، گروپ کا اہم مقصد پاکستانی و اسلامی ثقافت کو یورپ اور ناروے جیسے تنگ نظر ملک میں مختلف انداز میں پیش کرنا ہے۔
مذکورہ گروپ نے ’کنا یاری‘ سے قبل متعدد پاکستانی اور بھارتی گانوں پر بھی ڈانس کیا تھا اور ان کی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں، گروپ نے ’کنا یاری‘ کی ریلیز کے موقع پر بھی ڈانس کی ویڈیو جاری کی تھی۔