• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سندھ: بلدیاتی قانون میں ترامیم نہ ہونے پر تمام جماعتوں کی انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز

شائع June 13, 2022
پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ قریب ہے، اس دوران بلدیاتی اداروں کی قسمت اس بیچ ہے کہ کیا بلدیاتی انتخابات سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت کروائے جارہے ہیں، یہ قانون بلدیاتی حکومت کے منتخب نمائندوں کو کم اختیارات دیتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیک ہولڈرز چاہتے ہیں کہ اسے سپریم کورٹ کے یکم فروری کے فیصلے کے مطابق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140 کی روشنی میں تبدیل ہونا چاہیے۔

بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ بلدیاتی انتخابات مقامی انتظامیہ کی تشکیل نہیں بلکہ بے نتیجہ ہوجاتے ہیں اور صوبائی حکومت ایس ایل جی اے 2013 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال جاری رکھتی ہے۔

فی الحال اپوزیشن اور حکومت کے اراکین پر مشتمل سندھ اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی موجودہ بلدیاتی قانون میں اصلاحات پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، لیکن یہ عمل سست روی کا شکار ہے اور معلوم ہوتا ہے کہ شاید قانون میں ترمیم پولنگ کے بعد ہو۔

مزید پڑھیں: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں منعقد ہوں گے، پہلا مرحلے میں انتخابات 26 جون جبکہ دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو منعقد ہوں گے۔

26 جون کو پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ دوسرا مرحلہ 24 جولائی کو ہوگا جس میں کراچی اور حیدر آباد میں انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔

تاہم قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس کے آئینی اور قانونی اثرات کیا ہوں گے اور اگر سپریم کورٹ کے یکم فروری کے احکامات کی تکمیل کے برخلاف ایس ایل جی اے 2013 کے تحت بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں تو اس کے مقامی انتظامیہ کے منتخب نمائندوں پر کیا اثرات ہوں گے۔

انتخابات مؤخر کرنے کی تجویز

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت 19 اراکین پر مشتمل سلیکٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعتراف کیا گیا کہ بلدیاتی قانون میں ضروری اصلاحات کے بغیر انتخابات بے مقصد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا مئی 2022 میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

انہوں نے متفقہ طور پر تجویز پیش کی کہ انتخابات ملتوی کیے جائے، سندھ حکومت کے وکیل کی جانب سے اجلاس منٹس سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروا دیے گئے ہیں۔

وکلا کے مطابق اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کا نفاذ نہ کیا گیا تو انتخابات کا تمام عمل ناقابل استعمال جبکہ بلدیاتی نمائندے بے اختیار ہوں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے قانون مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں برسرِ اقتدار پاکستان پیپلز پارٹی قانون میں ترمیم کرنا چاہتی ہے تاکہ بلدیاتی نظام مؤثر اور بااختیار ہوسکے۔

صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کا مؤقف بیان کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ صوبائی حکومت کے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت حکومت کے پاس اقتدار منتقل کرنے کا اختیار ہے لیکن الیکشن سے متعلق فیصلہ کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ بلدیاتی انتخابات کیس: الیکشن کمیشن 7 ستمبر سے روز سماعت کرے گا

قانون میں اہم ترامیم کے بغیر انتخابات کے انعقاد کے بعد منتخب نمائندوں کے اختیارات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ عدالت پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے‘۔

انتخابات کالعدم قرار دینے کا فیصلہ

بلدیاتی انتخابات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں متعدد کیسز میں متحدہ قومی موومنٹ کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ طارق منصور کا ماننا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مقرر کردہ تاریخوں پرو کرواتا ہے تو اختیارات کا تبادلہ نہیں ہوگا اور منتخب نمائندے بے اختیار ہوں گے۔

بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ کی پوری مشق کو کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ ای سی پی کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے جاری کردہ نوٹی فکیشن ناقص تھے، یہ قانونی اختیار کے بغیر جاری کیے گئے تھے اور آئین کے آرٹیکل 218 اور 219 کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایل جی اے 2013 کے مطابق اس طرح کے نوٹی فکیشنز کے اجرا کے وقت ای سی پی کا اراکین کی تعداد پوری نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں تاخیر: الیکشن کمیشن نے سندھ کے اعلیٰ حکام کو طلب کر لیا

سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف ایس ایل جی اے 2013 میں بلکہ مزید 49 قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

اس سوال کہ اگر مذکورہ قوانین میں ترمیم کردی جاتی ہے تو کیا بلدیاتی نمائندے بااختیار ہو سکتے ہیں، کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑی مشق ہے جسے مکمل ہونے میں تقریباً ایک سال لگتا ہے، تو اس پورے دورانیے میں بلدیاتی حکومت بے اختیار ہوگی جبکہ صوبائی حکام اختیارات کا استعمال جاری رکھیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل علی احمد پلہ کا کہنا تھا کہ ترامیم کے بغیر بلدیاتی انتخابات کروانا بیکار ہے جس کے بعد بلدیاتی حکومت بے اختیار اور ڈمی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دی ہے کہ آرٹیکل 140 کے تحت بلدیاتی قانون میں اصلاحات ہونے تک انتخابات ملتوی کیے جائیں، لیکن ہائی کورٹ نے اپیل نہیں سنی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔

9 مئی کو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، دونوں جماعتوں نے عدالت سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کی استدعا کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024