• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شام میں پھنسے 160 زائرین آج وطن واپس پہنچیں گے

شائع June 13, 2022
شام میں پہنسے پاکستانی زائرین آج وطن واپس پہنچیں گے۔ —فائل فوٹو: اے ایف پی
شام میں پہنسے پاکستانی زائرین آج وطن واپس پہنچیں گے۔ —فائل فوٹو: اے ایف پی

شام کے شہر حلب میں پھنسے ہوئے 300 پاکستانیوں میں سے 160 شہری پیر کو (آج) وطن واپس پہنچیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعے کو اسرائیل فضائی حملوں کی وجہ سے دمشق میں ہوائی اڈوں کے راستے شدید متاثر ہوگئے جس کے بعد سے زیارت پر گئے پاکستانی شہری وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت کا پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے انکار

اسرائیلی حملوں کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے شام کے دارالحکومت دمشق میں اپنی پرزوازیں منسوخ کردی تھیں لیکن شام میں موجود پاکستانی سفیر ایئر مارشل ریٹائرڈ سعید محمد خان کی درخواست پر زائرین کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے نے خصوصی پرواز بھیجنے کے لیے انتظامات کیے۔

ہر سال ہزاروں پاکستانی شام میں حضرت محمد ﷺ کی نواسی حضرت بی بی زینب علیہ السلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے دیگر ساتھیوں اور اہلخانہ کی قبروں کی زیارت کرنے جاتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق شام میں پاکستانی سفاتخانہ دمشق میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو حلب شہر تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کرے گا۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے یہ بیان اس لیے جاری کیا گیا ہے کیونکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں بطور وزیر خارجہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد عازمین حج کا پہلا گروپ سعودی عرب پہنچ گیا

بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر مجموعی طور پر تقریباً 300 پاکستانی زائرین سے شام میں موجود پاکستانی سفارتخانہ رابطے میں ہے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ 160 زائرین دمشق سے 150کلومیٹر دور شام کے شہر حلب کے ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی خصوصی فلائٹ کے ذریعے آج پاکستان پہنچیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہمارے سفارتخانے نے دمشق سے حلب ایئرپورٹ تک جانے کے لیے پاکستانی زائرین کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کیے ہیں جبکہ دیگر 140 زائرین اپنی مرضی سے عراق جائیں گے۔

شام 2011 سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے اور اب تک اسرائیل شام میں سینکڑوں فضائی حملے کر چکا ہے جس میں شامی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

جمعہ کے حملے سے پہلے جنگ زدہ ملک شام کی پروازوں میں شاید ہی کبھی اتنا خلل پیدا ہوا ہو۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے کراچی میں واقع الحرمین ٹریولز کے ڈائریکٹر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ میرا بھائی وہاں ہے، ہم نے شام میں پاکستانی سفیر سعید محمد خان سے بات کی ہے جنہوں نے ہمیں یقین دلایا کہ ہمارے لوگوں کو وہاں سے نکالنے کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی شارجہ جانے والی پرواز 160 مسافروں کو واپس لانے کے لیے حلب کے ہوائی اڈے پر جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام زائرین کو پیر کی صبح 5 بجے حضرت بی بی زینبؓ کے مزار پر جمع ہونے کو کہا گیا ہے۔

سید موسیٰ رضا نے کہا کہ بسیں دمشق سے حلب کے لیے روانہ ہوں گی اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

اس سے قبل پی آئی اے نے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد دمشق کے ہوائی اڈے کے راستے ناقابل استعمال ہونے کے بعد شام کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں۔

ہفتے کے روز قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا کہ دمشق کے ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے دونوں راستے ناقابل استعمال ہیں اس لیے شام کے لیے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے رواں سال 10 لاکھ زائرین کو حج کی اجازت دے دی

تاہم دمشق میں پاکستانی سفیر نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور حکومت کو خط لکھا ہے جس میں شام کے شہر حلب سے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس پر عمل کرتے ہوئے ایئرلائن نے 13 جون (آج) شام کے لیے پرواز بھیجنے کے انتظامات کیے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاکستانیوں کو دمشق سے بس کے ذریعے حلب منتقل کیا جائے گا جہاں سے پی آئی اے کا طیارہ انہیں وطن واپس لے جائے گا۔

وزارت ہوا بازی کے مطابق تمام زائرین 24 گھنٹوں کے اندر خصوصی پروازوں سے گھر پہنچنا شروع ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024