• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شمالی وزیرستان : دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی شہید

شائع June 12, 2022
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سپاہی شاہ زیب امتیاز نے بہادری سے لڑنے کے بعد جام شہادت نوش کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سپاہی شاہ زیب امتیاز نے بہادری سے لڑنے کے بعد جام شہادت نوش کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں اور پاک فوج کے دستوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا۔

تاہم آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سپاہی شاہ زیب امتیاز نے بہادری سے لڑنے کے بعد جام شہادت نوش کیا، ان کی عمر 25 سال تھی اور وہ کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرستان: دھماکے سے پاک فوج کا سپاہی شہید، کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا، آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب نوشکی کے قریب پرودھ پہاڑ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان ری پبلکن آرمی (بی آر اے) سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے تھے جو کہ خاران اور محلقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر آئی ای ڈی پلانٹ کرنے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: وزیرستان، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد مارے گئے

قبل ازیں 5 جون 2022 کو خیبرپختونخوا کے علاقوں جانی خیل، ضلع بنوں اور ضلع شمالی وزیرستان کے حسن خیل میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں جانی خیل، ضلع بنوں اور ضلع شمالی وزیرستان کے حسن خیل میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے، 5 دہشت گرد ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں اور 2 دہشت گرد شمالی وزیرستان ڈسٹرکٹ کے علاقے حسن خیل میں مارے گئے۔

مزید پڑھیں: جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے کے مقامی افراد نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024