• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

زیڈ ٹی اِی نے دو سستے فون متعارف کرادیے

شائع June 10, 2022
دونوں فونز کو جلد دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا—فوٹو: کمپنی
دونوں فونز کو جلد دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا—فوٹو: کمپنی

چینی اسمارٹ موبائل فون کمپنی ’زیڈ ٹی اِی‘ نے اپنی کامیاب بلیڈ سیریز کے دو سستے فون متعارف کرادیے، تاہم انہیں فوری طور پر تمام ممالک میں پیش نہیں کیا گیا۔

’زیڈ ٹی اِی‘ کو سستے فون متعارف کرانے کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے، اسی کمپنی نے 2017 میں فنگر پرنٹ سینسر کے ساتھ دنیا کا سستا ترین فون بھی متعارف کرایا تھا۔

اب اسی کمپنی نے اپنی کامیاب اور مشہور بلیڈ سیریز کے دو فونز ’اے 72‘ اور ’اے 52‘ کو خاموشی سے ابتدائی طور پر انڈونیشیا میں متعارف کرادیا، جنہیں جلد ہی بھارت اور پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔

کمپنی کے ’اے 72‘ میں 5۔6 انچ کی اسکرین دی گئی ہے اور اس کا مین کیمرا صرف 13 میگا پکسل کا دیا گیا ہے جو کہ آج کل کے حساب سے انتہائی غیر معیاری کیمرا سمجھا جا رہا ہے۔

موبائل کے بیک پر مین کیمرے کے ساتھ 2 میگا پکسل کا میکرو کیمرا بھی دیا گیا ہے، تاہم شائقین اس مین کیمرے سے ںاخوش دکھائی دے رہے ہیں، اسی طرح اس کے فرنٹ پر بھی 5 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فنگر سینسرکے ساتھ سستا ترین اسمارٹ فون پیش

البتہ ’اے 72‘ کی بیٹری 6000 ایم اے ایچ کی رکھی گئی ہے، جسے مہنگے فون کے بیٹریز سے بھی زیادہ طاقتور رکھا گیا ہے، اس کے ساتھ فون میں طاقتور چارجر بھی دیا گیا ہے۔

’اے 72‘ کو تین جی بی ریم کے ساتھ اینڈرائڈ 11 اور کمپنی کے اپنے مائی فوور 11 سافٹ ویئر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

اس موبائل کی پاکستانی قیمت 23 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے اور اسے ممکنہ طور پر رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان میں بھی پیش کردیا جائے گا۔

اسی طرح کمپنی نے ’اے 52‘ کو بھی 5۔6 انچ کی اسکرین اور 13 میگا پکسل مین کیمرا کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، اس کے بیک پر بھی دوسرا کیمرا 2 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنے دوسرے فون کے فرنٹ پر 5 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا ہے جب کہ اس کی بیٹری 5000 ایم اے ای ایچ رکھی ہے۔

’اے 52‘ کو 2 جی بی ریم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اس میں بھی باقی تمام فیچرز اور سافٹ ویئرز وہی استعمال کیے گئے ہیں جو کہ ’اے 72‘ میں استعمال کیے گئے ہیں۔

’اے 52‘ کی پاکستانی قیمت 18 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے اور اسے بھی رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اگرچہ ’زیڈ ٹی اِی‘ کے دونوں موبائلز کو قیمت کے حوالے سے مناسب کہا جا رہا ہے، تاہم صارفین کی جانب سے ان کے کیمروں پر مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024