کراچی: مندر میں توڑ پھوڑ، نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج
گزشتہ رات کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم افراد نے ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی اور ایک مورتی کی بے حرمتی کی۔
کورنگی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ افراد رات گئے مندر کے پاس رکے اور وہاں کے نگران پنڈت کے بارے میں دریافت کیا۔
شکایت گزار سنجیو کمار نے بتایا کہ اس وقت مندر کے اندر صرف دو مزدور موجود تھے اور وہ دیواروں پر رنگ کر رہے تھے، جب انہوں نے حملہ آوروں کو بتایا کہ پنڈت موجود نہیں ہے تو مشتبہ افراد نے ایک مورتی پر پتھراؤ شروع کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل کی مندر پر حملے کی مذمت
شکایت گزار نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں نے مزدوروں کو دھمکیاں بھی دیں اور پھر جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔
دوسری جانب کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فیصل بشیر میمن نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ مندر علاقے میں ایک گھر کے ہال کے اندر واقع ہے اور وہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔
انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 (کسی بھی طبقے کے مذہب کی توہین کے ارادے سے عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا یا اس کی بے حرمتی کرنا)، 427 (پچاس روپے کا نقصان پہنچانا)، 506 (کسی کو دھمکی دینے) اور دفعہ 34 (کسی جرم کو مشترکہ طور پر انجام دینے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: رحیم یار خان کے مندر پر حملے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم
ایس ایس پی ) فیصل بشیر میمن نے مزید کہا کہ پولیس ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے جرم کی ایف آئی آر کا عکس سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا اور وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور مندر کی مرمت کی جائے گی۔