• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایکشن مصالحہ فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کا ٹریلر جاری

شائع June 10, 2022
فلم میں ماہرہ خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
فلم میں ماہرہ خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

طویل انتظار اور مسلسل تاخیر کے بعد بالآخر فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی آنے والی ایکشن مصالحہ فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں فہد مصطفیٰ کو فل ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کے ٹریلر لاؤنچ کی تقریب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی، جس میں فلم کی ٹیم کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس میں فہد مصطفیٰ پہلے کرپٹ اور بعد ازاں ایماندار پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ اور فہد کی 'قائداعظم زندہ باد' کی شوٹنگ مکمل

ٹریلر میں کراچی کی مشہور عمارتوں، سڑکوں اور علاقوں کے علاوہ مزار قائد، گورنر ہاؤس، حبیب بینک ملازہ، میری ویدر ٹاور اور امپریس مارکیٹ کو بھی دکھایا گیا ہے۔

فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ ’قائد اعظم زندہ باد‘ اگرچہ فہد مصطفیٰ کی ایکشن کامیڈی فلم ’نا معلوم افراد‘ سے مختلف ہوگی، تاہم فلم کے ایکشن سینز دیکھ کر لگتا ہے کہ اس فلم میں بھی فہد مصطفیٰ کی پرانی فلم کا تڑکا شامل ہوگا۔

فلم میں فہد مصطفیٰ کے ہمراہ جاوید شیخ بھی پولیس اہلکار کے روپ میں دکھائی دیں گے جب کہ نیر اعجاز منفی کردار میں نظر آئیں گے۔

فلم میں جہاں فہد مصطفیٰ دبنگ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے، وہیں ماہرہ خان بھی ان کے ساتھ ایکشن کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: ’قائداعظم زندہ باد اور کھیل کھیل میں‘ کب ریلیز ہوں گی؟ فلم ساز نے بتادیا

فلم کے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شائقین کو ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں جہاں مصالحہ دیکھنے کو ملے گا، وہیں وہ ایکشن سے بھی محظوظ ہوں گے۔

’قائد اعظم زندہ باد‘ کو عید الاضحٰی پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس کا مقابلہ دیگر پاکستانی فلموں کے علاوہ ہولی وڈ فلموں سے بھی ہوگا۔

فلم کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

یاد رہے کہ ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ 2019 میں شروع کی گئی تھی اور اسے ابتدائی طور پر 2020 میں ہی ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔

اگرچہ مشکل حالات کے باوجود ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ 2020 میں مکمل کرلی گئی تھی مگر وبا کے باعث سینماؤں کے بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔

امکان تھا کہ فلم کو 2021 میں ریلیز کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا مگر اب فلم کے مختصر ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

فلم میں پہلی بار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان بطور ہیرو اور ہیروئن کے طور پر بڑی اسکرین پر رومانس کرتے دکھائی دیں گے اور دونوں کی جوڑی کو ابھی سے ہی سراہا جا رہا ہے۔

یہ فہد مصطفیٰ کی فلم سازوں نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کے ساتھ پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی پانچ فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024