شوبز شخصیات کی بھارتی سیاستدانوں کے گستاخانہ ریمارکس کی مذمت
بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو سینئر عہدیداروں کی جانب سے حضور اکرم ﷺ کے بارے میں گستاخانہ ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارت کے مکمل بائیکاٹ کرنے سمیت مسلمان بولی وڈ شخصیات کو بھی آواز بلند نہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
کچھ دن قبل بی جے پی رہنمائوں نے گستاخانہ کلمات کہے تھے، جس پر پوری دنیا میں بھارت کی مذمت کی گئی اور پاکستان کے وزارت خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو بھی وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور پارٹی کے ایک اور رہنما نوین کمار جندال نے پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں توہین آمیز کلمات کہے تھے، ان ریمارکس کی دنیا بھر میں مذمت کے بعد بھارت کی حکمراں جماعت کو ان کے بیانات سے خود کو الگ کرنا پڑا اور ان دونوں رہنماؤں کے خلاف تادیبی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گستاخانہ بیان پر بھارتی ناظم الامور دفتر خارجہ طلب، مسلح افواج کا بھی اظہار مذمت
اب بی جے پی کے دونوں رہنمائوں کے گستاخانہ ریمارکس پر پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف بھارتی فلموں بلکہ بھارت کا بھی مکمل بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں شوبز شخصیات نے بولی وڈ کے ان مسلمان اداکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، جنہوں نے بی جے پی رہنمائوں کے بیانات کی مذمت نہیں کی۔
سینیئر اداکار شان شاہد نے بولی وڈ خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی خاموشی کو شرمندگی اور جرم قرار دیا۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کسی کا نام لکھے بغیر لکھا کہ یہ سچ ہے کہ فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی مگر شرم ضرور ہوتی ہے اور کیا بھارت کے مسلمان اداکاروں نے شرم بھی فروخت کر ڈالی؟
سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی گستاخانہ ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بی جے پی رہنما کو شرم آنی چاہیے اور بھارتی سیاستدانوں کو ایسی غلیظ زبان استعمال کرنے والوں کا احتساب کرنا چاہیے۔
اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی بھارتی بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے گستاخانہ ریمارکس کی شدید مذمت کی اور بی جے پی رہنمائوں کو شرم یاد دلائی۔
کامیڈین و میزبان احمد علی بٹ نے بھی گستاخانہ ریماکس کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی ٹوئٹس کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بھارت کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے گستاخانہ ریمارکس دینے والی بی جے پی خاتون کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔