اوپو کا ’ایف 21 فائیو جی پرو‘ پاکستان میں پری آرڈر کیلئے پیش
چینی موبائل کمپنی نے پاکستانی صارفین کے لیے ایف سیریز کا ’ایف 21 فائیو جی پرو‘ پری آرڈر فروخت کے لیے پیش کردیا۔
اوپو پاکستان کی جانب سے تین جون کو ’ایف 21 فائیو جی پرو‘ کی آن لائن قبل از وقت فروخت کا اعلان کیا گیا، ساتھ ہی کمپنی کی جانب سے پیشگی بکنگ کروانے والوں کے لیے ڈسکاؤنٹ اور گفٹ کا اعلان بھی کیا۔
کمپنی نے فون کے پری آرڈر فروخت کرنے والے صارفین کے لیے ساڑھے تین ہزار روپے کی رعایت کے علاوہ ایک گفٹ پیک کا بھی اعلان کیا۔
کمپنی کے مطابق فون کو براہ راست کمپنی یا دوسری ویب سائٹس سے پری آرڈر کیے جانے پر صارفین کو خصوصی گفٹ دیا جائے گا۔
’ایف 21 فائیو جی پرو‘ کو کمپنی نے 69 ہزار 999 روپے میں پری آرڈر فروخت کے لیے پیش کیا ہے اور کمپنی کا یہ پہلا فون ہوگا، جس میں ڈوئل آربٹ لائٹس دی گئی ہیں۔
فون کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جن میں سے مین کیمرا 64 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل میکرو اور تیسرا 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا دیا گیا ہے۔
موبائل کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اس میں 4500 ایم اے ایچ کی بیٹری 33 واٹ چارجر کے ساتھ دی گئی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ موبائل کی فل بیٹری صرف 63 منٹ میں چارج کی جا سکتی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’ایف 21 فائیو جی پرو‘ کو محض پانچ منٹ تک چارج کرنے کے بعد تین گھنٹے تک فون کالز کی جا سکتی ہیں۔
فون کو 8 جی بی ریم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، تاہم اس میں میموری کی حد 128 جی بی تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ایف 21 فائیو جی پرو‘ کو پاکستان میں عام فروخت کے لیے کب تک پیش کیا جائے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ ماہ کے آغاز تک پیش کردیا جائے گا۔