• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

14واں فرنچ اوپن نڈال کے نام، 22واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا

شائع June 6, 2022
نڈال کا کیریئر کا 14واں فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ ایک انداز— فوٹو: رائٹرز
نڈال کا کیریئر کا 14واں فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ ایک انداز— فوٹو: رائٹرز

کلے کورٹ کے شہنشاہ رافیل نڈال نے تاریخ رقم کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 14واں فرنچ اوپن ٹائٹل اپنے نام کر کے مجموعی طور پر ریکارڈ 22واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا۔

نڈال کو اپنے 23سالہ ناتجربہ کار حریف پر برتری ثابت کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور انہوں نے باآسانی اسٹریٹ سیٹ میں کامیابی حاصل کر کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

نڈال گزشتہ راؤنڈز میں سخت حریفوں نوواک جوکووچ اور الیگزینڈر زیوریو کو شکست دے کر پہلے ہی بہترین فارم کا ثبوت دے چکے تھے اور فائنل میں ان کی جیت کی پیش گوئی پہلے ہی کی جا چکی تھی۔

36سالہ نڈال نے ایک آسان اور یکطرفہ فائنل میں اپنے حریف کیسپر روڈ کو شکست دے کر فرنچ اوپن جیتنے والے سب سے زائد العمر کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل فرنچ اوپن جیتنے والے سب سے زائد العمر کھلاڑی کا اعزاز آندرے گمینو کے پاس تھا جنہوں نے 1972 میں 34سال کی عمر میں فرنچ اوپن جیتا تھا۔

ہسپانوی اسٹار نے پہلے دونوں سیٹ 3-6 اور 3-6 سے اپنے نام کیے جبکہ آخری سیٹ میں ناروے سے تعلق رکھنے والے اپنے حریف کو کوئی پوائنٹ بھی نہ جیتنے دیا اور 0-6 سے سیٹ جیت کر ایک عبرتناک شکست ان کا مقدر بنا دی۔

کیریئر کا 22واں گرینڈ سلیم جیتنے والے نڈال کو اب تک فرنچ اوپن کی تاریخ میں صرف تین میچوں میں شکست ہوئی ہے جبکہ انہوں نے اس کورٹ میں مجموعی طور پر 112 میچوں میں کامیابی سمیٹی ہے۔

14واں فرنچ اوپن جیتنے والے سپر اسٹار کو اب 20، 20 گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ پر دو گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی برتری حاصل ہو چکی ہے لیکن ان کا ایک ہی گرینڈ سلیم 14بار جیتنے کا عالمی ریکارڈ شاید کبھی نہ ٹوٹ سکے۔

یہ فتح اسپین کے ٹینس اسٹار کے لیے اس لحاظ سے بھی یادگار ہے کہ یہ انہوں نے ایک ایسے دن حاصل کی ہے جب 17سال قبل انہوں نے اسی دن اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم اور فرنچ اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024