• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور شمالی وزیرستان میں کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک

شائع June 5, 2022
آئی ایس پی آر کے مطابق  مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف  کارروائیوں میں ملوث رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے علاقوں جانی خیل، ضلع بنوں اور ضلع شمالی وزیرستان کے حسن خیل میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں جانی خیل، ضلع بنوں اور ضلع شمالی وزیرستان کے حسن خیل میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے، 5 دہشت گرد ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں اور 2 دہشت گرد شمالی وزیرستان ڈسٹرکٹ کے علاقے حسن خیل میں مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 17 مئی 2022 کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی تھی جہاں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا تھا، جس کی شناخت محمد الطاف کے نام سے ہوئی تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔

یاد رہے کہ آئی ایس پی آر نے 15 مئی کو بتایا تھا کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 2 اہم اور انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ تبادلے کے دوران ہلاک ہونے والے 2 دہشت گردوں کی شناخت کمانڈر رشید عرف جابر اور عبدالسلام عرف چمٹو کے نام سے ہوئی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دونوں دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024