امریکا: فلاڈیلفیا کی معروف شاہراہ پر مسلح افراد کی فائرنگ، 3 افراد ہلاک
امریکی شہر فلاڈیفیا میں ہجوم میں متعدد افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس انسپکٹر ڈی ایف پیس نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں 2 مرد اور خاتون ہلاک ہوئے، پولیس نے جوابی کارروائی میں دیکھا کہ ’ہجوم میں متعدد حملہ آور‘ موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا: فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد کی ہلاکت پر سکھ برادری سراپا احتجاج
ڈی ایف پیس نے کہا ہے کہ’ فلاڈیلفیا کی معروف جنوبی شاہراہ میں ہر ہفتے کے اختتام میں سیکڑوں افراد جمع ہوتے ہیں اور لطف اندوز ہوتے ہیں، فائرنگ کا واقعہ اسی وقت پیش آیا جب جائے وقوع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسر نے فائرنگ کرنے والے ایک شخص پر جوابی فائرنگ کی، تاہم یہ بات واضح نہیں ہے کہ اس شخص کو گولی لگی یا نہیں لگی۔
مقامی میڈیا نے کہا کہ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا: کیلیفورنیا میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک
ڈی ایف پیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے بندوقیں برآمد ہوئیں اور پولیس کو قریبی کاروباری مراکز سے نگرانی کی فوٹیج کا جائزہ لینے کے لیے صبح تک انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ رات گئے دکانیں بند ہوگئی تھیں۔
ڈی ایف پیس نے تحقیقات کو ’بہتر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی ’بہت سارے جواب طلب سوالات موجود ہیں‘۔