• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک کو آگے چلانے کیلئے ہمیں ’گرینڈ ڈائیلاگ‘ کی ضرورت ہے، وزیر اعظم

شائع June 5, 2022
وزیر اعظم نے کہا کہ صرف سیاست کے خاطر اتنا بڑا جرم کیا کہ لاکھوں لوگوں کو بے آسرا کردیا — فوٹو: حکومت پاکستان
وزیر اعظم نے کہا کہ صرف سیاست کے خاطر اتنا بڑا جرم کیا کہ لاکھوں لوگوں کو بے آسرا کردیا — فوٹو: حکومت پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ’گرینڈ ڈائیلاگ‘ کی ضرورت ہے، جس میں ملک کی ترقی سے منسلک تمام شعبے پر بات کی جائے۔

لاہور میں انڈس ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ملک کو آگے چلانا ہے تو ہمیں بڑے پیمانے پر مذاکرات کرنے ہوں گے، ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کرنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈائیلاگ کا مقصد یہ ہے اس میں صحت، تعلیم، صنعت اور زراعت کی ترقی کے لیے بات کی جائے، آئی ٹی سمیت متعدد ایسے شعبے ہیں جن سے یہ ملک بہت آگے بڑھ سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں یہاں کوئی سیاست کی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن سابقہ حکومت نے پی کے ایل آئی جو خطے کا بہترین ہسپتال تھا اسے سیاست کے نذر کردیا، اس کے بہترین عملے کو بے عزت کرکے نکال دیا گیا، اس میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر بیرون ملک سے اپنی نوکریاں چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔

مزید پڑھیں: عمران نیازی ملک میں خانہ جنگی کرانا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، وزیر اعظم

’صنعت، زراعت، معیشت پر سیاست کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے‘

انہوں نے کہا کہ صرف سیاست کے خاطر اتنا بڑا جرم کیا کہ لاکھوں لوگوں کو بے آسرا کردیا، یہ دروازہ بند ہو جانا چاہیے، کوئی آئے کوئی جائے صنعت، تعلیم، صحت، زراعت، معیشت پر سیاست کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے دل چاہیے، بڑی سوچ چاہیے، اس کے لیے ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہونا ہوگا، اپنی انا کو مارنا ہوگا، یہ سب ہمیں اپنی قوم کے لیے کرنا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اگلی حکومت آئی اور پچھلی حکومت کے ادارے تباہ کردیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم نے تقدیر کو بدلنا ہے تو اقبال کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کہتا ہوں کہ قرض پر انحصار کرنے والا ملک کب تک زندہ رہے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کب کرانے ہیں یہ فیصلہ ایوان کرے گا، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ آج پیٹرول، بجلی اور دیگر کی قیمتیں جو بڑھی ہیں یہ ابھی کا فیصلہ نہیں ہے، یہ معاملہ اس وقت سے چل رہا ہے جب تحریک عدم اعتماد کی بات ہو رہی تھی، اس وقت ہمیں دنیا میں سب سے آگے ہونا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کو کہا جاتا تھا کہ وہ بوجھ ہیں، لیکن بنگالی بوجھ نہیں تھے انہیں بوجھ بنا کر پیش کیا گیا، آج ان کی برآمدات 40 ارب ڈالر ہے، ہم اب بھی 27، 28 ارب ڈالر پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی تھی، تو ہم نے مارچ کے مہینے میں یکایک قیمتوں کو گرا دیا، ساڑھے تین سال کسی کو ایک ڈھیلا نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دل پر پتھر رکھ کر قیمتیں بڑھانی پڑیں، میں پوری کوشش کروں گا کہ غریب شہریوں پر بوجھ نہ پڑے۔

مزید پڑھیں: 24 ویں ’یومِ تکبیر‘ پر وزیر اعظم کا پاکستان کو اقتصادی طاقت بنانے کا عزم

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ میں موجود ڈیٹا بہت شفاف ہے، اس کے تحت ہم 7 کروڑ عوام کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیں گے۔

’ایک ماہ کا حساب دینے کو تیار ہوں، ساڑھے 3 سال کا حساب کون دے گا‘

لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے پلانٹ موجود ہیں لیکن ساڑھے تین سال تک جو ہوا اس کا حساب کون لے گا، مجھے آئے ہوئے ڈیڑھ مہینہ ہوا ہے، میں حساب دینے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کہہ دیا ہے کہ دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا بجلی کے منصوبے موجود ہیں لیکن ایندھن مہنگا منگوانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں ایل این جی وقت پر نہیں لی گئی جبکہ اس وقت ایل این جی سستی مل رہی تھی۔

’تمام فنڈز بحال کیے جائیں گے‘

اس موقع پر وزیر اعظم نے ’وزیر اعلیٰ بلاسود قرضہ اسکیم‘ کے نائب چیئرمین کو اسٹیج پر بلایا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں کے دوران اسکیم کے فنڈز بند کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قرضوں کا اتنا بوجھ ہے کہ شاید نسلیں بھی قرضہ نہ اتار سکیں، وزیر اعظم

انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے اس اسکیم کا آغاز ساڑھے 3 ارب روپے سے کیا تھا جو چند ہی سالوں میں 12 ارب تک پہنچ گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کے تحت بغیر رنگ و نسل کی تفریق کے لوگوں کی مدد کی گئی تھی، میرا وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ اسکیم کے فنڈز دوبارہ بحال کرتے ہوئے اس اسکیم کو پورے ملک کے لیے نافذالعمل کیا جائے۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم نے کہا کہ اسکیمیں بند کی گئیں یا سیاست کے نام کردی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نائب چیئرمین نے گزشتہ ساڑھے تین سال میں مجھ سے بارہاں ملنے کی کوشش کی لیکن میں نے ان سے اس لیے ملاقات نہیں کی کہ یہ سابقہ حکومت کے وزیر کے زیر عتاب نہ آجائیں۔

شہباز شریف نے یقین دہانی کروائی کہ آج سے تمام اسکیمیں بحال کرنے پر کام دوبارہ کام شروع کردیا جائے گا، مجھے اس بات کا علم نہیں تھا اب اس بات پر افسوس ہوا ہے کہ یہ اسکیمیں سفید پوش اور یتیم بچوں اور بچیوں کے لیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ کو کہا ہے کہ پیک آور میں میٹرو کے ٹکٹ آدھے کردیے جائیں تاکہ غریب آدمی کو ریلیف دیا جاسکے

’کئی ہسپتال بنائے اور ڈاکٹر باری کے حوالے کیے‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے ویلفیئر ہسپتال کی تعمیر پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ترک سرمایہ کار پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھیں، وزیر اعظم

انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں میری ملاقات میاں احسان اور اقبال کرچی صاحب سے ہوئی تھی، انہوں نے مجھے کہا تھا کہ ہم نے یونیورسٹی بنانی ہے، یہ انسانی فلاح کا کام ہے اس میں کچھ مسائل ہیں انہیں حل کروا دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے مجھے ہسپتال بنانے کا بھی کہا تھا لیکن اس وقت میں نے ان سے طیب اردوان ہسپتال کو چلانے کی درخواست کی ہے، طیب اردوان ہسپتال 2010 میں سیلاب کے بعد ترک حکومت کے اشتراک سے بنایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہتر انداز میں ہسپتال کو چلایا اور خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے انڈس ہسپتال بانی ڈاکٹر باری کو دینے کا کہا تو ان متعلقہ افسر نے بولی لگانے کے لیے کہا جس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میں نے اپنا ڈنڈا چلایا اور اس ہسپتال کو ڈاکٹر باری کے حوالے کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اس ہسپتال کی سلسلہ وار ترقی میں توسیع کرتے ہوئے ہم نے اس ہسپتال کو مظفر گڑھ کا بہترین ہسپتال بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تسلی بخش نہیں ہے، وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ انڈس ہسپتال کی بانیان کی مدد سے ہم نے مظفر گڑھ میں طیب اردوان ہسپتال کو باخوبی فعال رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حکومت نے کئی ہسپتال بنائے اور ان کے حوالے کیے اور یہ اس کی کوئی تنخواہ نہیں لیتے بلکہ صرف حکومت پنجاب کے مقرر کردہ بجٹ میں سے پیسے لیتے ہیں اور پیسے کے استعمال سے مستحق لوگ مستفید ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈس ہسپتال لاہور کے بانیان میں اقبال کرچی و اہلخانہ، جاوید ارشد بھٹی اور میاں محمد احسن شامل ہیں، ہسپتال کی تعمیر میں اقبال کرچی کی جانب سے 2 ارب روپے، احسن محمد احسن، جاوید بھٹی، احسن پرویز، انور غنی، اعجاز گوہر، میاں طلعت اور میاں احمد سمیت دیگر نے اربوں روپے کا تعاون کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024