• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ: سی اے اے ملازم نے گدھا گاڑی لانے کی اجازت مانگ لی

شائع June 3, 2022
انہوں نے لکھا کہ اس مہنگائی میں ادارے نے ٹرانسپورٹ سروس کی سہولیات ختم کردی ہیں — فائل فوٹو/آن لائن
انہوں نے لکھا کہ اس مہنگائی میں ادارے نے ٹرانسپورٹ سروس کی سہولیات ختم کردی ہیں — فائل فوٹو/آن لائن

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ملازم نے ادارے کے سربراہ کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے انہیں کام پر آنے کے لیے گدھا گاڑی لانے کی اجازت دی جائے۔

سی اے اے کے ملازم نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد وہ اپنا ذاتی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو موصول سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل کو لکھے گئے خط میں راجا آصف اقبال نامی ملازم نے لکھا ہے کہ وہ 25 برسوں سے ادارے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اس وقت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کام کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

انہوں نے لکھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے نہ صرف غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے بلکہ اب متوسط طبقہ بھی متاثر ہورہا ہے۔

انہوں نے درخواست میں سی اے اے کی پارکنگ میں انہیں گدھا گاڑی لانے کی اجازت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘اس مہنگائی میں ادارے نے ٹرانسپورٹ سروس کی سہولیات ختم کردی ہیں اس لیے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے ذاتی ٹرانسورٹ استعمال کرنا ناممکن ہوگیا ہے‘۔

ملازم نے خط میں گزارش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’مہربانی کرکے مجھے ایئرپورٹ پر گدھا گاڑی لانے کی اجازت دی جائے۔‘

سی اے اے کے ترجمان سیف اللہ خان نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ عملے کے ہر ملازم کو فیول الاؤنس دیا جاتا ہے، انہوں نے پِک اینڈ ڈراپ سروس کے ختم ہونے پر بھی ملازم سے اختلاف کیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید 30 روپے فی لیٹر بڑھانے کا اعلان

ترجمان نے کہا کہ ملازمین کو پک اینڈ ڈراپ سروس فراہم کی جاتی ہے اور ملازمین کے لیے میٹرو بس سروس بھی ایئر پورٹ پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازم کی ایسی درخواست کا مقصد میڈیا کہ توجہ حاصل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا تھا جس کا اطلاق رات سے ہوگیا ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف ایک ہفتہ قبل اضافے کے بعد گزشتہ روز پریس کانفرنس میں ایک بار پھر قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 209.86 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 204.15 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم بھی 2 جولائی کو ختم ہو رہی ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کے لیے کسی کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024