غلام نبی میمن نئے آئی جی سندھ پولیس تعینات
موجودہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ پولیس تعینات کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جب کہ سندھ حکومت نے صوبائی پولیس چیف کے عہدے کے لیے ان کے نام کی سفارش کی تھی جب حال ہی میں سندھ ہائی کورٹ نے قائم مقام آئی جی ڈاکٹر کامران فضل کو دعا زہرہ کو عدالتی حکم کے باوجود پیش کرنے میں ناکامی پر عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا.
کراچی میں اپنے گھر سے لاپتہ ہونے والی نوعمر لڑکی دعا زہرہ بعد میں پنجاب میں منظر عام پر آئی تھی۔
عدالتی حکم کے مطابق نئے آئی جی کی جمعہ کے روز سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق نے کراچی پولیس کے سربراہ کی خدمات مانگ لیں
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے پولیس سروس آف پاکستان کے 21 گریڈ کے افسر غلام نبی میمن جو اس وقت سندھ حکومت کے ماتحت خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کا تبادلہ کیا جاتا ہے اور سندھ سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت، فوری طور پر اور اگلے احکامات تک صوبائی پولیس آفیسر (پی پی او) کے طور پر ان کی تعیناتی کی جاتی ہے۔
آئی جی کے ترجمان کے مطابق غلام نبی میمن پولیس سروس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے غلام بنی میمن نے 1991 میں پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی، اپنے پیشہ وارانہ پورے کیریئر کے دوران انہوں نے کبھی بھی 'محکمہ جاتی انکوائری' کا سامنا نہیں کیا۔
اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے مختلف اضلاع جیسے گھوٹکی، خیرپور، ملیر، لاڑکانہ، حیدرآباد وغیرہ میں بطور ایس ایس پی خدمات انجام دیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی سندھ کیلئے مزید دو نام وفاق کو ارسال
وہ کراچی میں ڈی آئی جی ساؤتھ بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں دو بار ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کیا گیا، سٹی پولیس چیف بننے سے قبل غلام نبی میمن نے انٹیلی جنس بیورو کے جوائنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا جہاں وہ کافی عرصے تک رہے۔
انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی کلیم امام کو ہٹانے سے روک دیا
انہیں سال 2018 میں گریڈ 21 میں ترقی دی گئی تھی اور سال 2019 میں پہلی بار سٹی پولیس چیف کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں ہٹا کر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ تعینات کیا گیا تھا جس کے بعد اسی سال ایک بار پھر کراچی پولیس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے اللہ بخش عرف جاوید اختر اوڈھو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کر دیا۔
چیف سیکریٹری سندھ، ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اللہ بخش عرف جاوید اختر اوڈھو، پولیس سروس آف پاکستان بی ایس 21 کے ایک افسر، ایڈیشنل آئی جی پولیس اسپیشل برانچ کو فوری طور پر تبدیل کرتے ہوئے اگلے احکامات تک بطور ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی تعینات کیا گیا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں