• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں رواں سال پولیو کا ساتواں کیس رپورٹ

شائع June 1, 2022
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا بایاں بازو اور دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا بایاں بازو اور دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں ایک اور بچی پولیو وائرس کا شکار ہوگئی ہے جس کے بعد رواں برس پاکستان میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے جن میں سے چھ کیسز شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی سے رپورٹ ہوئے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کی 7 ماہ کی بچی وائرس کا شکار ہوئی ہے جس میں 2 مئی کو معذوری رپورٹ ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 15 ماہ بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا بایاں بازو اور دونوں ٹانگیں مفلوج ہوگئی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں 2014 اور 2019 کی طرز پر دوبارہ پولیو کی وبا پھوٹ پڑی ہے کیونکہ اُس دوران بھی پولیو کیسز رپورٹ ہورہے تھے، ہم اس وبا کے خاتمے کے لیے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع بشمول شمالی و جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں، ٹانک اور لکی مروت پولیو وائرس کے لیے حساس ہیں۔

بنوں سے رواں سال اپریل اور مئی کے دو ماحولیاتی نمونوں سے وائرس کی تصدیق ہوئی جو اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ شمالی وزیرستان تک محدود نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ایچ او، پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کاوشوں کا معترف

وفاقی وزیر صحت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگرچہ کیسز ملک کے ایک ہی علاقے سے رپورٹ ہو رہے ہیں، تاہم تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے لیے قطرے ضرور پلوائیں۔

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کے لیے خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں آمدورفت کے دوران 10 سال تک کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جارہی ہے۔

رواں برس رپورٹ ہونے والے تمام کیسز شمالی وزیرستان سے ہیں، کیسز کی وجوہات والدین کی جانب سے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار اور قطرے پیے بغیر بچوں کی انگلیوں پر جعلی نشانات لگانا ہیں۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد دنیا بھر میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے جن میں سے 7 کیسز پاکستان اور ایک کیس افغانستان سے جنوری میں رپورٹ ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: پولیو کیس رپورٹ ہونے پر موزمبیق کا پاکستان پر الزام

خیال رہے کہ رواں برس 27 جنوری کو ملک میں پولیو کیسز رپورٹ نہ ہونے کا ایک سال مکمل ہوا تھا اور 15 ماہ تک ملک میں پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل 2021 میں واحد کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوا تھا تاہم دیگر صوبوں سے کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024