• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ٹی آئی کے دوسرے مارچ سے قبل کارکنان، رہنماؤں کی ’احتیاطی گرفتاری‘ کی فہرستیں تیار

شائع June 1, 2022
افسران کے ساتھ ملاقاتوں میں ان افسران کو مختلف ٹاسک سونپے گئے ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
افسران کے ساتھ ملاقاتوں میں ان افسران کو مختلف ٹاسک سونپے گئے ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور پولیس نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں ایک اور لانگ مارچ کی کال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک ہزار سے زائد رہنماؤں، کارکنوں اور مالی معاونین کو ان کی احتیاطی گرفتاری (جرم سرزد ہونے سے قبل کی جانے والی گرفتاری) کی فہرستیں تیار کرلیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی جانب سے حکومت کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لیے 6 روز کی مہلت دی گئی تھی جو گزشتہ روز اختتام پذیر ہوچکی ہے۔

لاہور پولیس کی جانب سے نشان زد کیے گئے 329 افراد میں مبینہ بڑے مالی معاونین شامل ہیں اور مہم کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے لیے ٹرانسپورٹ، کھانے، ساؤنڈ سسٹم و دیگر ’لاجسٹک سپورٹ‘ کا انتظام کرتے ہیں۔

اسی طرح دوسری فہرست 743 افراد پر مشتمل ہے جن میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز، لیڈر ایکٹیوسٹ اور کارکنان شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کا اعلان

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو اپنے کارکنان کو آئندہ لانگ مارچ کی تیاری کے لیے وفاقی دارالحکومت پہنچنے کے لیے کہا تھا جس کے بعد پولیس نے مشقیں شروع کردی ہیں۔

قبل ازیں عمران خان نے حکومت کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے 6 روز کی ’مہلت‘ دی تھی۔

سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین نے پارٹی کی قیادت کو کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور پارٹی کی وسیع تر حمایت کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ کے لیے انہیں تیار کیا جائے‘۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مارچ کی کال کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام نے ڈویژنل سپرنٹڈنٹس (ڈی ایس پیز) اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ اوز) سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں ان افسران کو مختلف ٹاسک سونپے گئے ہیں اور پی ٹی آئی کے ایک ہزار رہنماؤں اور کارکنان کی فہرست شیئر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کیلئے علمائے کرام کی مکمل حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ

پولیس افسر کا کہنا تھا یہ فہرست ایس ایچ او، اسپیشل برانچ اور پولیس ڈپارٹمنٹ کے دیگر متعلقہ ونگز کی فراہم کردہ معلومات کے ذریعے تیار کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے 2 فہرستوں کو اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو جو 'اے' کیٹیگری میں آتے ہیں انہیں 'ٹربل میکر' اور 'تشدد کرنے والوں' کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری کے لیے محکمہ پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن کی گرفتاری اور نقل و حرکت کے حوالے سے ڈی بریفنگ سیشن میں ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس پارٹی کی طرف سے کیے گئے ماضی کے احتجاج کے دوران ریلیاں نکالنے اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کیٹیگری ’اے‘ میں ’پرتشدد سرگرمیوں‘ کے بارے میں تفصیلی تشخیصی رپورٹس موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ: عمران خان کا نئے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد کے ڈی چوک میں قیام کا عزم

پولیس افسر نے کہا کہ ’ان میں سے بہت سے شہر کے امیر ترین لوگوں میں شامل ہیں جن میں تاجر، صنعت کار، ٹرانسپورٹرز اور تاجر کے نام موجود ہیں‘۔

مذکورہ افراد اسٹریٹ پاور دکھانے کے لیے پی ٹی آئی کے جلسوں اور عوامی اجتماعات کی مالی اعانت کرتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے تمام 6 ڈویژنل ایس پیز اور شہر میں تعینات 85 ایس ایچ اوز کی مختلف اجلاسوں میں فہرستوں میں مذکور افراد کی ’احتیاطی گرفتاریاں‘ کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران بڑی حد تک اسی حکمت عملی پر عمل کریں گے جو لاہور میں پی ٹی آئی کے پچھلے لانگ مارچ کو بے اثر کرنے کے لیے استعمال کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت، صوبائی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ اور ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کے آپشن پر بھی غور کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شوبز شخصیات کی تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی حمایت

پولیس افسر کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد پولیس ان افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس حکام نے سٹی ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاہور میں ’مارچ کرنے والوں‘ کو روکنے کے لیے شہر کی بڑی سڑکوں کو بند کرنے کے لیے کنٹینرز کی فراہمی کے انتظامات کریں۔

ذرائع نے کہا کہ شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر بھی سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے، خاص طور پر شاہدرہ کے بتی چوک پر، جہاں پارٹی کے پچھلے لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024