• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قرضوں کا اتنا بوجھ ہے کہ شاید نسلیں بھی قرضہ نہ اتار سکیں، وزیر اعظم

شائع May 29, 2022
وزیر اعظم نے مانسہرہ کے لیے ایک ارب پیکیج، میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے مانسہرہ کے لیے ایک ارب پیکیج، میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کو اتنا بوجھ ہے کہ شاید ہماری نسلیں بھی یہ قرضے نہ اتار سکیں لیکن ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے، ہم نواز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کا مانسہرہ جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ پشاور کو لاہور کی طرح ترقی دلانی ہے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا، اس شخص سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو انا پرست ہے، جو یوٹرن لیتا ہے، اس کے دور میں مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرتی رہی، غربت میں اضافہ ہوا، ایک اینٹ نہیں لگائی، دو کروڑ نوکریاں دور کی بات ایک نوکری نہیں دی، لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: لیک آڈیو کال سے عمران خان کی منافقت، دہرا معیار بے نقاب ہوگئے ہیں، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو خیبر پختونخوا کو پنجاب بناؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلو کہ پاکستان تعمیر کرنے والا نواز شریف چاہیے یا عمران خان والا۔

شہباز شریف نے کہا آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ زندگی لگا دوں گا اور آپ کو خوشحال بناؤں گا۔

'مانسہرہ کے لیے ایک ارب پیکیج، میڈیکل کالج بنانے کا اعلان'

انہوں نے مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج سے ڈاکٹر بن کر عوام کی خدمت کریں۔

ان کا کہنا تھا مانسہرہ اور گرد و نواح کے علاقوں کی ترقی اور گلی محلوں کے مسائل کے لیے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتا ہوں، اسی طرح ہزارہ کے لیے علیحدہ الیکٹرک کمپنی کا مطالبہ کیا گیا ہے، میں یہاں ہزارہ کی الیکٹرک کمپنی کا اعلان کرتا ہوں جس کے آپ کو بے پناہ فوائد ملیں گے۔

'اگلے بجٹ میں نوجوانوں کو فری لیپ ٹاپ مہیا کریں گے'

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے، بیٹے، بیٹیوں کے لیے فری لیپ ٹاپ مہیا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ ہزارہ موٹروے سے گزرتے ہیں اور نواز شریف کو دعائیں دیتے ہیں، میں جب ہزارہ موٹروے سے گزرا تو نواز شریف کو دعائیں دیں، ملتان ۔ سکھر موٹروے کا 2016 میں آغاز کیا اور اس کی تعمیر اپنے دور میں مکمل کی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا 28 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو خوشحال اور ترقی سے ہمکنار کرانے کے لیے دن رات محنت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن 8 کروڑ لوگوں کو سبسڈی بھی دی، عمران خان نے آخری دنوں میں تیل کی قیمتیں کم کیں کیونکہ اس کو پتا تھا کہ وہ آئینی طریقے سے جارہا ہے۔

'کپڑے بیچوں گا لیکن آٹا سستا کروں گا'

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو کہا تھا کہ آٹے کو سستا کرتے ہیں تو ٹھیک ورنہ میں 10 کلو آٹے کی بوری پنجاب کی قیمت 490 روپے میں دوں گا، لیکن مجھے اب تک خیبر پختونخوا حکومت سے جواب نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کب کرانے ہیں یہ فیصلہ ایوان کرے گا، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سے آخری بار درخواست کرتا ہوں کہ آٹا سستا کریں، میں پھر کہہ رہا ہوں کہ کپڑے بیچوں گا لیکن آٹا سستا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات میں 30 سے 35 فیصد ٹرن آؤٹ ہے جو حوصلہ افزا خبر ہے، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دور دراز رہنے والے لوگوں کو جمہوریت پر یقین ہے۔

خیبرپختونخوا نے انتشار اور فتنے پر مبنی مارچ کو ’ایبسولوٹلی ناٹ کہہ کر مسترد کردیا، مریم نواز

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مانسہرہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ناکام ترین دھرنے کا اصل مقصد فتنہ اور انتشار تھا، خیبر پختونخوا کے عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی پانی کی طرح بہا دی، خیبر پختونخوا کے مسائل پر آپ کا حق تھا جس سے سڑکیں، ہسپتال، اسکول و کالج بننے چاہیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ہمدردیاں سعید احمد جان کے ساتھ ہیں، وہ انتشار کی سیاست کی نذر ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ جس ہیلی کاپٹر میں عمران خان دھرنے میں آیا وہ خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر تھا، ساری گاڑیاں خیبر پختوانخوا، آزاد کشمیر کی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں تھیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کرینیں اس لیے واپس چلی گئیں کیونکہ عوام تو آئی نہیں، خیمے بھی خیبرپختونخوا حکومت کے تھے جو واپس کیے گیے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے لوگوں کو بتایا لیکن جب دھرنے کا وقت آیا یہ صبح صبح فرار ہوگیا۔

'عمران کے بچے لندن میں، غریب کے بچے سڑکوں پر مرنے کے لیے'

ان کا کہنا تھا کہ یہ جسے انقلاب کا نام دیتا ہے اس لیے بھی ناکام ہوگیا کہ قوم کے بچے سڑکوں پر مرنے کے لیے جبکہ اس کے بچے لندن میں بیٹھے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب ہیلی کاپٹر یا سرکاری گاڑیوں یا پیراشوٹ سے نہیں آتا، انقلاب آدھے راستے یوٹرن لینے سے نہیں آتا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انقلاب اس طرح آتا ہے کہ جب نواز شریف، مشرف کے ریاستی جبر اور پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود جب نکلتا ہے تو گوجرانوالہ پہنچنے سے پہلے ججز بحال ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنے لوگ مارچ کرنے ہیں کرو حکومت ختم نہیں ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ پہلے اس نے زرداری، نوازشریف کی منتیں کیں، اب سپریم کورٹ کی منیتں کر رہا ہے، اس کا لب لباب ہے کہ سپریم کورٹ لانگ مارچ کے لیے 20 لاکھ افراد کا انتظام کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ مانسہرہ، ہزارہ نواز شریف کا ہے اور رہے گا، 30 برس قبل میری شادی کے وقت 4 گھنٹے لگتے تھے آج ہزارہ موٹروے سے ایک گھنٹے میں پہنچ گئی، ہزارہ موٹروے نواز شریف کی ہزارہ سے محبت کی مثال ہے۔

'قسم کھا کر کہتی ہوں شہباز شریف پاکستان کی قسمت بدلیں گے'

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کمر میں تکلیف کے باوجود گاڑی میں تشریف لائے ہیں، قسم کھا کرکہتی ہوں کہ شہباز شریف پاکستان کی قسمت بدلیں گے، شہباز شریف نے دن رات محنت سے پنجاب کے عوام اور صوبے کی تقدیر بدلی۔

انہوں نے کہا کہ میں مانسہرہ میں کھڑے ہو کر وعدہ کرتی ہوں کہ جو زخم عمران خان نے اپنی بے حسی، نااہلی، نالائقی سے لگائے، پاکستان کے سینے پر جو کاری ضرب اس نے پاکستان کی معیشت پر لگائی، وہ زخم شہباز شریف اپنے محنت سے بھر کر جائیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rizwan Ali Soomro May 29, 2022 06:16pm
what a comdeian

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024