سام سنگ نے خاموشی سے سستا فون متعارف کرادیا
اسمارٹ فون بنانے والی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے خاموشی سے معیاری اور سستا فون متعارف کرادیا۔
گزشتہ ماہ سے خبریں تھیں کہ سام سنگ ایم سیریز کا نیا فون متعارف کرانے جا رہا ہے اور اب کمپنی نے فلیکسی ایم 13 کو ابتدائی طور پر یورپ میں پیش کردیا۔
تین بیک کیمروں سے لیس موبائل کا مین کیمرا 50 میگا جب کہ دوسرا 5 اور تیسرا 2 میگا پکسل ہے اور اس کے فرنٹ پر 8 میگا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
اوکٹا کور کے سی پی یو کے حامل موبائل میں زائنوس 850 کی چپ دی گئی ہے جب کہ اسے 4 جی بی ریم کے دو میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔
گلیکسی ایم 13 کا اسکرین 6.6 انچ رکھا گیا ہے اور اس میں 15 والٹ چارجر کے ساتھ 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سام سنگ کے مختلف فونز کی قیمتوں میں کمی
مہنگائی کے اس دور میں پیش کیے گئے مناسب قیمت کے موبائل کو تین مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے اور اسے فوری طور پر صرف یورپ میں متعارف کرایا گیا ہے۔
مذکورہ فون کی یورپ میں جون سے فروخت شروع کردی جائے گی، جس کے بعد ممکنہ طور پر اسے ایشیا کی بڑی مارکیٹوں انڈیا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
کمپنی نے گلیکسی ایم 13 کی قیمت کا واضح اعلان نہیں کیا، تاہم خبریں ہیں کہ اس کی پاکستانی قیمت 30 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔
سام سنگ پہلے ہی اپنی مارکیٹ بڑھانے اور چینی موبائل کمپنیوں کو ٹکر دینے کے لیے گزشتہ چند سال سے معروف اے اور ایم سیریز کے سستے فون متعارف کراتا آ رہا ہے۔
سام سنگ کو اس وقت چین کے ’اوپو، آنر، ریدمی، ویوو اور شیاؤمی‘ جیسی برانڈز کے ٹکر کا سامنا ہے اور مہنگے ہونے کی وجہ سے اس کے فونز کی فروخت میں مسلسل کمی نوٹ کی گئی ہے۔