• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

منشیات رکھنے کے کیس سے آریان خان کا نام خارج

شائع May 27, 2022
آریان خان 27 دن تک جیل میں رہے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
آریان خان 27 دن تک جیل میں رہے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

بھارت کی انسداد منشیات فورس ’نارکوٹکس کنٹرول بیورو‘ (این سی بی) نے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کا نام منشیات کیس سے خارج کردیا۔

آریان خان کو انسداد منشیات فورس نے 3 اکتوبر 2021 کو منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں دوستوں کے ہمراہ ایک کروز سے گرفتار کیا تھا۔

آریان خان کو گرفتاری کے بعد کم از کم 27 دن تک جیل میں رکھا گیا تھا اور ابتدائی طور پر اننسداد منشیات فورس نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا آریان منشیات کیس میں گرفتار

چار ہفتوں تک جیل میں رکھنے کے بعد نارکوٹکس فورس نے اکتوبر کے اختتام پر آریان خان کو ضمانت پر جیل سے رہا کیا تھا، جس کے بعد ان کے کیس کا ٹرائل عدالت میں جاری تھا۔

تاہم اب انسداد منشیات فورس نے یوٹرن لیتے ہوئے آریان خان کا نام مذکورہ کیس سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان سے تو منشیات برآمد ہی نہیں ہوئی تھی۔

خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق نارکوٹکس فورس نے عدالت میں جمع کرائے گئے تازہ چالان سے آریان خان اور ان کے ایک دوست موہک کا نام خارج کردیا۔

مزید پڑھیں: آریان خان کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

انسداد منشیات فورس نے دونوں کا نام خارج کرتے ہوئے چارج شیٹ میں اعتراف کیا ہے کہ مذکورہ دونوں افراد سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی۔

بیٹے کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان بھی پریشان دکھائی دیے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بیٹے کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان بھی پریشان دکھائی دیے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ منشیات برآمد کرنے کے کیس میں آریان خان سمیت گرفتار کیے گئے دیگر ملزمان کے خلاف عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کو کلیئر کردیا گیا جب کہ ان سمیت دیگر 6 افراد پر کسی طرح کا کوئی مقدمہ بھی دائر نہیں ہوگا۔

ساتھ ہی نارکوٹکس فورس نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ کیس میں ملوث 19 میں سے باقی تمام ملزمان کے خلاف منشیات رکھنے کی دفعات کےتحت کیس دائر ہوگا اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے

آریان خان کی وجہ سے مذکورہ کیس بھارت کا ہائی پروفائل کیس بن گیا تھا اور اس کی خبریں عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت بھی بنی تھیں۔

یہ بھی خبریں تھیں کہ شاہ رخ خان کے بیٹے اپنے دوست لڑکوں اور لڑکیوں کے ہمراہ نشہ کرنے کی پارٹی کے لیے کروز میں گئے تھے، تاہم ایسی خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

آریان خان کی گرفتاری کا کیس ہائی پروفائل بن گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
آریان خان کی گرفتاری کا کیس ہائی پروفائل بن گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024