• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

نامور کوہ پیما علی رضا سدپارہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے

شائع May 27, 2022
علی رضا سدپارہ اس موسم گرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کا ارداہ رکھتے تھے — فائل فوٹو
علی رضا سدپارہ اس موسم گرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کا ارداہ رکھتے تھے — فائل فوٹو

پاکستان کے نامور کوہ پیما علی رضا سدپارہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 56 برس کی عمر میں اسکردو میں انتقال کرگئے۔

علی رضا سدپارہ 17 مئی کو پہاڑ سے پھسل کر کھائی میں گرنے کے بعد شدید زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں اسکردو کے ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ کئی روز سے زیر علاج تھے۔

گرنے کے سبب علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں اور گہرے زخم آئے تھے جن کے سبب وہ جمعہ (آج) کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

علی رضا سدپارہ اس موسم گرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کا ارداہ رکھتے تھے، ان کی نماز جنازہ اسکردو کے گاؤں اولڈنگ میں ادا کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی کوہ پیما دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کیلئے پُرعزم

کوہ پیما علی رضا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1986 سے کیا، انہیں پاکستان کی 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیوں کو 17 بار سر کرنے کا اعزاز حاصل تھا، جن میں 8 ہزار 47 میٹر اونچی چوٹی براڈ پیک، 8 ہزار 35 میٹر اونچی چوٹی گاشبرم ٹو، 8 ہزار 68 میٹر اونچی چوٹی گاشبرم ون اور 8 ہزار 125 میٹر اونچی نانگا پربت شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے سیا کنگری، بلتورو کنگری اور اسپانٹک چوٹیوں کو بھی سر کیا، علی رضا سدپارہ نے نامور کوہ پیما مرحوم علی سدپارہ، حسن سدپارہ اور دیگر کوہ پیماؤں کو تربیت بھی دی تھی۔

علی رضا سدپارہ کے انتقال پر کوہ پیماؤں، سیاست دانوں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے اراکین نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کوہ پیمائی کے میدان میں ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے، انہوں نے ایڈوینچر سیاحت کے فروغ کے لیے علی رضا سدپارہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کوہ پیماؤں کا ایک اور اعزاز، ایورسٹ، چوتھی بلند ترین چوٹی سر کرلی

کوہ پیما سرباز خان نے کہا کہ لیجنڈ پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ نے اپنی پوری زندگی پاکستان کی خدمت میں گزاری ہے، وہ واحد پاکستانی تھے جنہوں نے 8 ہزار میٹر سے زائد بلند 10 چوٹیوں کو سر کیا۔

سرباز خان نے کہا کہ علی رضا سدپارہ نے کوہ پیماؤں کی ایک نسل کو تربیت دی، ہم انہیں ’استادوں کا بھی استاد‘ کہتے تھے۔

ایک اور کوہ پیما اور آپریٹر سعد منور نے علی رضا کے انتقال پر افسردہ اور دل شکستہ ہوکر لکھا کہ موت زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لیجنڈ کو یاد رکھے گا، پاکستانی کوہ پیما اپنے استاد کو یاد رکھیں گے اور پہاڑ اپنے بہترین دوست کو یاد رکھیں گی۔

امریکی کوہ پیما اور اسکیئر لیوک اسمتھ وِک نے ٹوئٹر پر علی رضا سدپارہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ موسم گرما میں گاشبرم ٹو پر چڑھتے ہوئے ان کے ساتھ تصویر کھینچی تھی، علی رضا ایک اور ٹیم کے ساتھ تھے پھر بھی ہم سب مل کر 8 ہزار میٹر بلند پہاڑوں پر کام کرتے تھے اور اسی طرح ان چوٹیوں کو سر کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم بات ہے کہ ان کو یاد رکھا جائے گا اور انہیں ’شائستہ استاد‘ قرار دیا جس نے آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیاں کئی بار سر کیں۔

مزید پڑھیں: علی سدپارہ کے بیٹے نے لاپتا ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش کا کام شروع کردیا

نوجوان کوہ پیما عبدالجوشی نے کہا کہ مجھے اس خبر پر یقین نہیں آرہا، ایسا لگتا ہے کہ پوری دنیا جھوٹ بول رہی ہے اور شاید اس لیے کہ یہی میری خواہش ہے۔

انہوں نے علی رضا کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے لکھا کہ آپ صرف بہترین کوہ پیما نہیں تھے بلکہ ایک بہترین انسان بھی تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024