• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سابق ’مس ورلڈ‘ منوشی چھلر کی بولی وڈ میں انٹری

شائع May 24, 2022
منوشی چھلر کی پہلی فلم آئندہ ماہ ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ
منوشی چھلر کی پہلی فلم آئندہ ماہ ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ

سابق ’مس ورلڈ‘ بھارتی حسینہ منوشی چھلر کی پہلی فلم ’پرتھوی راج‘ کا ٹریلر اور گانے ریلیز کردیے گئے اور فلم کو آئندہ ماہ پیش کردیا جائے گا۔

منوشی چھلر 2017 میں بھارت سے ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئی تھیں، ان سے قبل بھارت کے سر 17 برس قبل ’مس ورلڈ‘ کا تاج سجا تھا۔

’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے کے بعد منوشی چھلر نے جہاں ماڈلنگ کا کیریئر شروع کیا تھا، وہیں خبریں تھیں کہ وہ بولی وڈ میں بھی انٹری دیں گی اور سال 2019 میں انہوں نے فلموں میں آنے کی تصدیق کردی تھی۔

اب طویل تاخیر کے بعد ان کی آنے والی پہلی فلم ’پرتھوی راج‘ کا ٹریلر اور گانے کے ٹیزرز جاری کردیے گئے، جن میں انہیں ہندو بادشاہ کی اہلیہ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

منوشی چھلر بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کے ساتھ ’پرتھوی راج‘ سے فلمی کیریئر شروع کرنے جا رہی ہیں، ان کے ہیرو ان سے عمر میں کم از کم 25 برس بڑے ہیں۔

’پرتھوی راج‘ ہندوؤں کے سابق بادشاہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ہے، جس میں اکشے کمار ہندو بادشاہ کے روپ میں جب کہ منوشی چھلر ان کی اہلیہ مہارانی سنیوگیتا کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

یش راج چوپڑا کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی ہدایات چندرپرکاش دویدی نے دی ہیں اور اس کی کاسٹ میں سنجے دت اور سونو سود سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

منوشی چھلر کی پہلی بولی وڈ فلم کو آئندہ ماہ تین جون کو بیک وقت ہندی سمیت دیگر بھارت کی مقامی زبانوں میں بھی ریلیز کردیا جائے گا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جہاں منوشی چھلر بولی وڈ کھلاڑی کی ہیروئن بن کر اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے جا رہی ہیں، وہیں ان سے قبل سابق حسینہ لارا دتا نے بھی اکشے کمار کی ہیروئن بن کر فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا کو بھی اکشے کمار کی فلم ’انداز‘ سے شہرت ملی تھی جو کہ پریانکا چوپڑا کی دوسری فلم تھی۔ پریانکا چوپڑا اور لارا دتا نے اکشے کمار کے ساتھ رومانٹک فلم ’انداز‘ میں 2003 میں اداکاری کی تھی اور دونوں اداکاراؤں کو اسی فلم سے شہرت ملی تھی۔

منوشی چھلر سے قبل سابق حسینائیں لارا دتا اور پریانکا بھی سب سے پہلے اکشے کے ساتھ کام کر چکی ہیں—پرومو فوٹو
منوشی چھلر سے قبل سابق حسینائیں لارا دتا اور پریانکا بھی سب سے پہلے اکشے کے ساتھ کام کر چکی ہیں—پرومو فوٹو

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024