• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ایشیا ہاکی کپ: روایتی حریف پاک-بھارت دلچسپ مقابلہ برابری پر ختم

شائع May 23, 2022
بھارت نے پہلے کوارٹر میں گول کیا جبکہ پاکستان نے اختتامی لمحات میں مقابلہ برابر کردیا—فوٹو: پی ایچ ایف ٹوئٹر
بھارت نے پہلے کوارٹر میں گول کیا جبکہ پاکستان نے اختتامی لمحات میں مقابلہ برابر کردیا—فوٹو: پی ایچ ایف ٹوئٹر

ایشیا ہاکی کپ 2022 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ایک اہم میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ سنسنی خیز رہا اور بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا۔

جکارتہ میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں بھارت کی جانب سے سالوم کھارتی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو اختتامی لمحات تک برقرار رہی جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے گول کے لیے متعدد کوششیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو ایشیا کپ پریکٹس میچ میں جنوبی کوریا سے شکست

پاکستانی ٹیم کی میچ میں بھارت کی برتری ختم کرنے کی کوشش اس وقت رنگ لائی جب کھیل آخری لمحات میں داخل ہوگیا تھا۔

رانا وحید نے شارٹ کارنر کی مدد سے گول کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے اور میچ کے آخری لمحے تک دونوں ٹیموں کے کھلاڑی مزید کوئی گول نہ کرسکے اور مقابلہ برابری پر ختم ہوگیا۔

بھارت کے حملے پسپا کرنے والے قومی ٹیم کے گول کیپر اکمل حسین کو شان دار کھیل پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ کل (24 مئی) کو میزبان انڈونیشیا اور تیسرا میچ 26 مئی کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔

قومی ٹیم کے ہمراہ اولمپیئن خواجہ جنید، ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین، کوچ وسیم احمد، فزیکل انسٹرکٹر ڈینیئل بیری، فزیو تھراپسٹ عدیل اختر اور ویڈیو اینالسٹ ندیم لودھی بھی ایونٹ کے لیے انڈونیشیا میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان ہاکی ٹیم کا نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی کے ساتھ دورہ یورپ کا آغاز

خیال رہے ایشیا ہاکی کپ میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا جہاں گروپ اے میں بھارت، پاکستان، جاپان اور میزبان انڈونیشیا شامل ہے۔

ایشیا ہاکی کپ کے دوسرے گروپ میں ملائیشیا، کوریا، عمان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024