• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

شائع May 23, 2022
بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیلے گی—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیلے گی—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں آل راؤنڈرز شاداب خان اور محمد نواز کی واپسی ہوئی ہے۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز جون میں کھیلی جائے گی، جو گزشتہ برس دسمبر میں شیڈول تھی تاہم کورونا کیسز کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان کیلئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان

ایک روزہ سیریز کے تینوں میچ 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹیم میں 23 سالہ شاداب خان اور 28 سالہ محمد نواز کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے، جو دسمبر میں ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ تھے تاہم اس کے بعد وہ ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بیان میں کہا کہ ‘نواز اور شاداب اب مکمل طور پر فٹ ہیں، اسی لیے ہمیں آصف آفریدی اور عثمان قادر کو ٹیم میں شامل نہیں کرنا پڑا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے اسکواڈ کو سیریز جیتنے کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کردیا ہے’۔

سیریز کے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ ٹریننگ کے لیے یکم جون کو راولپنڈی میں لگائے جانے والے ٹریننگ کیمپ میں جمع ہوگا تاہم اسکواڈ میں شامل حارث رؤف، حسن علی، محمد رضوان اور شاداب خان انگلش کاؤنٹی چمپیئن شپ میں شرکت کی وجہ سے بعد میں ٹریننگ کیمپ کا حصہ ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری

پاک-ویسٹ انڈیز سیریز او ڈی آئی سپرلیگ کا حصہ ہے، جو بھار ت میں 2023 میں ہونے والے ورلڈ کپ کا کوالیفائینگ مرحلہ ہے۔

سیریز کے لیے قومی اسکواڈ درج ذیل کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

بابراعظم (کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، زاہد محمود

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز پہلے ہی اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرچکا ہے، جو پاکستان آنے سے قبل نیدرلینڈز کا دورہ کرے گا جہاں رواں ماہ کے آخر میں ایک روزہ سیریز کا آغاز ہوگا۔

ویسٹ انڈیز نے اہم سیریز کے لیے اسکواڈ میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، جن میں فاسٹ باؤلر جیڈین سیلز اور شیرمون لیوس کے علاوہ بلے باز کئیسی کارٹی شامل ہیں۔

دونوں فاسٹ باؤلرز سیلز اور لیوس نے ٹیسٹ سطح پر کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں تاہم سینٹ مارٹین سے تعلق رکھنے والے کارٹی ویسٹ انڈیز کی سینئر ٹیم میں پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دسمبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق

ویسٹ انڈیز کے سلیکٹر ڈیسمنڈ ہائنز کا کہنا تھا کہ ہم کارٹی سے متاثر ہوئے کیونکہ وہ جس طرح کھیلتا ہے اور رواں برس کے اوائل میں پریزیڈنٹ الیون کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف میچوں میں ہم نے ان کی صلاحیتوں کے جوہر کئی مرتبہ دیکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ انہیں یہ موقع دینے سے وہ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے کی اہمیت کو پہچان سکیں گے اور یہ ایسے دورے ہیں جہاں وہ خود کو منوا سکتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی:

نیکولس پوران (کپتان)، شے ہوپ(نائب کپتان)، اینکروماہ بونر، شیمر بروکس، کیئسی کارٹی، اکیل حسین، الزاری جوزف، برینڈن کنگ، شیرمون لیوس، کائل مائیرز، اینڈرسن فلپ، رومین پاول، جائیڈن سیلز، روماریو شیفرڈ، ہیڈن واش جونیئر

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024