• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت: پبلک ٹرانسپورٹ میں تقریباً ایک صدی میں پہلی بار خاتون ڈرائیور مقرر

شائع May 23, 2022 اپ ڈیٹ May 28, 2022
چالیس سالہ خاتون پہلی ڈرائیور بن گئیں—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
چالیس سالہ خاتون پہلی ڈرائیور بن گئیں—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے چلنے والی تقریبا ایک صدی پرانی بس سروس میں پہلی بار ایک خاتون ڈرائیور کو خدمات سر انجام دینے کا موقع فراہم کردیا گیا۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں 1926 سے چلنے والی قدیم بس سروس کی بہت بڑی کمپنی نے پہلی بار ایک خاتون کو ڈرائیور مقرر کیا ہے جب کہ مزید دو خواتین کو بھی ڈرائیوری کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ممبئی میں طاقتور طویل بسوں کو عوام کے لیے چلائے جانے کا آغاز تقریبا ایک صدی قبل ہوا تھا اور اس سفر میں متعدد بار بسوں کو تبدیل کیا گیا۔

ممبئی میں عام پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر چلنے والی بسز کو ثقافتی اہمیت بھی حاصل ہے اور انہیں کئی بولی وڈ فلموں میں بھی دکھایا جا چکا ہے۔

طویل بسز میں 150 افراد بیک وقت سفر کر سکتے ہیں اور اس وقت بھی ممبئی میں 50 سال پرانی بسز چل رہی ہیں، جن پر یومیہ لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں۔

پرانے طرز کی بسز چلانے والی بڑی کمپنیوں میں سے ایک نجی کمپنی نے 96 سال میں پہلی بار ایک خاتون کو ڈرائیور کے طور پر مقرر کیا ہے، جنہوں نے 6 سال قبل ابتدائی طور پر رکشہ چلانا سیکھا تھا۔

ممبئی میں تقریبا 400 بسز چلانے والی کمپنی نے 41 سالہ لکشمی یادیو کو پہلی خاتون ڈرائیور مقرر کرکے جہاں نئی تاریخ رقم کی، وہیں کمپنی نے مزید دو خواتین ڈرائیور کو بھی نوکری کے لیے شارٹ لسٹ کردیا ہے۔

ممبئی میں چلنے والی بسوں کو ثقافتی اہمیت حاصل ہے، انہیں فلموں میں بھی دکھایا گیا ہے—فوٹو: فیس بک
ممبئی میں چلنے والی بسوں کو ثقافتی اہمیت حاصل ہے، انہیں فلموں میں بھی دکھایا گیا ہے—فوٹو: فیس بک

مذکورہ کمپنی کی بسز میں پہلے ہی 90 خواتین بطور کنڈکٹر کام کر رہی ہیں جب کہ متعدد خواتین منیجریل عہدوں پر بھی تعینات ہیں اور بعض مکینک کے طور پر بھی وہاں کام کر رہی ہیں۔

کمپنی کا منصوبہ ہے کہ وہ آئندہ چند سال میں خواتین ڈرائیورز کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرے گی۔

کمپنی نے جس خاتون کو ڈرائیور کے طور پر رکھا ہے، وہ شادی شدہ اور دو بچوں کی والدہ ہیں اور ان کے بچے انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

بس ڈرائیور لکشمی یادیو نے بس ڈرائیوری کی نوکری ملنے سے قبل مہنگی اور پرتعیش کاریں جن میں بی ایم ڈبلیو اور فارچون سرفہرست ہیں، ان کی ڈرائیونگ بھی سیکھی۔

لکشمی یادیو اگرچہ ممبئی کے پبلک بسز کی پہلی خاتون ڈرائیور بنی ہیں، تاہم ان سے قبل بھی بھارت کے مختلف شہروں میں خواتین عوامی ٹرانسپورٹ میں ڈرائیوری کرتی دکھائی دی ہیں جب کہ 2019 میں ممبئی کی 24 سالہ لڑکی پرتکشا داس نے بس چلانا سیکھی تھی، تاہم انہوں نے ملازمت اختیار نہیں کی تھی۔

پرتکشا داس نے 2019 میں بس چلانا سیکھی تھی مگر ڈرائیوری کی نوکری نہیں کی تھی—فوٹو: انڈیا ٹائمز
پرتکشا داس نے 2019 میں بس چلانا سیکھی تھی مگر ڈرائیوری کی نوکری نہیں کی تھی—فوٹو: انڈیا ٹائمز

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024