• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستانی ڈرامے بھارت میں ٹی وی پر دکھائے جانے لگے

شائع May 23, 2022
ابتدائی طور پر زندگی گلزار ہے سمیت عون زارا جیسے ڈراموں کو نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
ابتدائی طور پر زندگی گلزار ہے سمیت عون زارا جیسے ڈراموں کو نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ نے اپنے چینل ’زندگی‘ کو ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر دکھانے کے انتظامات مکمل کرلیے، جس کے بعد اب بھارتی گھروں میں پاکستانی ڈرامے بھی آسانی سے دیکھے جا سکیں گے۔

’زی فائیو‘ کے ’زندگی‘ چینل پر پہلے ہی پاکستانی ڈرامے، ویب سیریز، شوز اور فلموں کو آن لائن پیش کیا جا رہا ہے، تاہم اب بھارتی شائقین انہیں ٹی وی اسکرین پر بھی دیکھ سکیں گے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں ’زندگی‘ کی چیف کریئیٹو افسر (سی سی او) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم کو ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹی وی چینل کی طرح چلایا جائے گا اور شائقین گھروں میں بیٹھ کر پاکستانی ڈرامے دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کی ہمیشہ سے خواہش رہی تھی کہ کسی طرح پاکستانی ڈراموں کو بھارتی شائقین کے لیے پیش کیا جا سکے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت اور رہن سہن سے مزید مستفید ہو سکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی شائقین ’زندگی‘ ٹی وی کو مئی کے اختتامی ہفتے سے ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈراما 'زندگی گلزار ہے' زی ٹی وی پر نشر ہونے پر میکال ذوالفقار ناخوش

’زندگی‘ پر ابتدائی طور پر پاکستان کے مشہور ڈراموں ’زندگی گلزار ہے، کتنی گرہنیں باقی ہیں، عون زارا اور صدقے تمہارے‘ جیسے ڈراموں کو نشر کیا جائے گا، جس کے بعد مزید معروف پاکستانی ڈراموں اور شوز کو بھی نشر کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ممکنہ طور پر بعد ازاں ’زندگی‘ ٹی وی پر پاکستانی فلموں اور ویب سیریز کو بھی دکھایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ’ڈائریکٹ ٹو ہوم‘ یعنی ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے تحت شائقین کو ڈش اینٹینا نما ایک ڈیجیٹل باکس گھر میں نصب کرنا پڑتا ہے، جو براہ راست متعدد ٹی وی چینلز کے سگنل انٹرنیٹ کی طرح کیچ کرکے ان کی نشریات دکھاتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے تحت ایک ڈی ٹی ایچ باکس ایک ٹی وی کے ساتھ منسلک ہوتاہے اور ایک باکس 500 سے زائد ٹی وی چینلز دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈی ٹی ایچ باکس چھوٹے سائز کا ہوتا ہے، جسے گھر میں کہیں بھی آسانی سے نصب کیا جا سکتا ہے، اس سے ٹی وی چینلز کے سگنل کیبل کے مقابلے انتہائی صاف آتے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Taj Ahmad May 24, 2022 05:35am
To watch Pakistani or Indian dramas on TV is right things to do, let’s make no hurdle for the people of Pakistan and India, please keep politics away between both nations. Thanks to all.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024