• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

عمران نیازی نوجوانوں کو نفسیاتی غلام بنا رہا ہے، احسن اقبال

شائع May 23, 2022
احسن اقبال نے کہا کہ پچھلی حکومت کی معاہدوں کی وجہ سے بے یقینی پیدا ہوئی ہے جو کچھ برسوں تک جاری رہے گی —فوٹو: ڈان نیوز
احسن اقبال نے کہا کہ پچھلی حکومت کی معاہدوں کی وجہ سے بے یقینی پیدا ہوئی ہے جو کچھ برسوں تک جاری رہے گی —فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈالر کا تعلق بے یقینی اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کے معاہدے سے جڑا ہے اور گزشتہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایسا معاہدہ کر گئی ہے جو عوام دشمن بھی ہے اور غریب دشمن بھی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نیازی کی سوشل میڈیا ٹیم ملک کے اندر کنفیوژن پیدا کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئینی اور جمہوری طریقے سے حکومت تبدیل ہوئی ہے، پاکستان میں اگلے انتخابات کب ہونے ہیں یہ فیصلہ اتحادی حکومت کو کرنا ہے اور جب بھی وہ ایسا فیصلہ کرے گی تو قوم کو اعتماد میں لے کر کرے گی۔

مزید پڑھیں: احسن اقبال کی سی پیک اتھارٹی کو ختم کرنے کی ہدایت

ڈالر بڑھنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جو بے یقینی پھیلائی جارہی ہے اس کو پچھلے چار سال کا تسلسل کہہ سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان پر عمران خان کی جو چار برس کی عذاب حکومت تھی اس کے نتیجے میں جو معاشی بدحالی اور تباہی آئی ہے اس کے اثرات ہم پر کئی برسوں تک رہیں گے، جس کی مثال یہ ہے کہ پاکستان پر پچھلے چار برسوں میں جو قرضوں کا بوجھ ڈلا گیا ہے اس سے نکلنے میں کافی وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو افراط زر پیدا کی گئی ہے اسے قابو میں لانے کے لیے ہمیں کچھ وقت لگے گا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ جنہوں نے چار سال اس ملک کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجائی ہے وہ چار ہفتوں میں معیشت کو ٹھیک کرنے کا حساب مانگنے لگ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حساب ہمیں نہیں مگر عمران نیازی اور ان کے نالائق وزرا نے دینا ہے کہ انہوں نے ملک کے اندر گیس کا بحران کیوں پیدا کیا اور ملک میں معاشی ابتری کیوں کی۔

یہ بھی پڑھیں: کیوبا کے سفیر کا احسن اقبال کے ’توہین آمیز‘ تبصرے پر ردِعمل

وفاقی وزیر نے کہا کہ چار برسوں سے گوادر بندرگاہ کی صفائی کے پرپوزل رکھے ہوئے تھے مگر حکومت نے اس کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے جس کی وجہ سے گوادر بندرگاہ کی گہرائی گیارہ میٹر رہ گئی ہے جس کے اندر کوئی بڑا جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ سب سی پیک منصوبے کو تباہ کرنے کے لیے کیا گیا تھا کیونکہ سی پیک منصوبے کی اہم گزرگاہ گوادر بندرگاہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں 2020 تک نو صنعتی زون تیار کرنے تھے مگر سابقہ حکومت ایک بھی صنعتی زون تیار نہیں کر سکی جس کو ہم چین کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے استعمال کر سکیں۔

احسن اقبال نے عمران خان کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے تمام ترقیاتی منصوبوں کو تباہ کیا، اسی طرح نیشنل ہائے وے اتھارٹی اپنے منصوبوں کو جاری کرنے کے لیے 460 ارب روپے مانگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 900 ارب روپے تھا مگر ہمیں وہ 480 ارب روپے ورثے میں ملی ہے، ترقیاتی بجٹ سے 50 فیصد کٹوتی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک جس کے پاس اپنی ایٹمی طاقت ہے وہ غلام نہیں ہو سکتا، اس کی خود مختاری پر کوئی میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی ہمارے نوجوانوں کو نفسیاتی غلام بنا رہا ہے، یہ بتا کر کہ پاکستان غلام قوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف یہ نہیں دیکھتا کہ حکومت کس کی ہے بلکہ وہ صرف حکومت پاکستان کو دیکھتا ہے، جب آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا حتمی معاہدہ طے ہوگا تو اس سے معیشت میں استحکام آئے گا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024