خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن صوبائی اسمبلی مستعفی
خانیوال کے علاقے جہانیاں سے منتخب منحرف رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرم نیازی کی جانب سے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دینے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دھچکا لگا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیصل اکرم نیازی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کو پیش کیا۔
ان کے استعفے سے 25 منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے کے سبب صوبے میں جاری لڑائی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کیمپ مضبوط ہوگا۔
فیصل اکرم نیازی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سال 2019 میں خانیوال کے حلقے پی پی 209 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ سابقہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی درخواست پر مرحوم نشاط ڈاھا کے ساتھ فاروڈ بلاک میں شامل ہو گئے تھے۔
فیصل اکرم نیازی نے استعفے میں بتایا کہ وہ اپنے ضمیر اور رضامندی کے ساتھ پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو طویل عرصے قبل چھوڑ دیا تھا اور اب وہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں ہیں۔
اسپیکر پرویز الہٰی نے کہا کہ پہلا استعفیٰ آگیا ہے، آنے والے دنوں میں پی ایم ایل (ن) کے مزید اراکین استعفیٰ دیں گے۔
خانیوال کے عوام نے بتایا کہ علاقے میں مسلم لیگ (ن) کے زیادہ ووٹر ہیں لہٰذا فیصل اکرم نیازی کے فیصلے پر تعجب ہوا، ان کا صوبائی حلقہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 153 میں آتا ہے جہاں سے پی ایم ایل (ن) کے پینل نے حریفوں کو شکست دی تھی۔
خانیوال ضلع کے حلقے پی پی 206 میں سابقہ حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے امیدوار مرحوم نشاط خان ڈاھا کی بیوہ کو شکست ہوئی تھی، بزدار حکومت میں فیصل اکرم نیازی نے متعدد ترقیاتی کام بھی کروائے تھے۔