• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

الیکشن کی تاریخ کے اعلان تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائےگا، عمران خان

شائع May 19, 2022
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد میں آنے والا ہے— فوٹو: ڈان  نیوز
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد میں آنے والا ہے— فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر ملک میں فوری انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہمیں صاف و شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی اس وقت تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائے گا۔

خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر کریں کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے مارچ کے لیے موسم اچھا ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے خلاف ہونے والے ہمارے آزادی مارچ میں اتنے لوگ شرکت کریں گے جتنے لوگوں نے نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں بلکہ برصغیر کی تاریخ میں کبھی کسی مارچ میں شرکت نہیں کی ہوگی، برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد میں آنے والا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے پتا ہے میری فوج کے خاندان بھی ہمارے ساتھ اسلام آباد آئیں گے، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد آنے والے عوامی سمندر کا ہر اول دستہ ہمارے پرجوش نوجوان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلام آباد مارچ سے قبل ہونے والا ہمارا آخری جلسہ کل ملتان میں ہوگا اور اس جلسے میں آپ سب کو میں وہ دن بتاؤں گا جس دن میری ساری قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اسلام آباد پہنچنے کا مقصد ملک کے لیے حقیقی آزادی حاصل کرنا ہے۔

حقیقی آزادی کی وضاحت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک ہوتی ہے وہ آزادی جس کو ہم آزادی تو کہتے ہیں مگر اس میں ہمیں بیرونی ممالک سے احکامات دیے جاتے ہیں کہ ہم یہ کریں، یہ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس آزادی میں ہمیں باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا، روس سے گندم نہیں لینی۔

یہ بھی پڑھیں: لوٹوں کے خلاف فیصلہ دینے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ دوسری آزادی وہ ہوتی ہے جس میں وہ ملک اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے آزادانہ فیصلے کرتا ہے، اس آزادی میں دوسرے لوگوں کے مفادات کے لیے اپنے لوگوں کو قربان نہیں کیا جاتا۔

اس موقع پر پرجوش کارکنوں سے مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں، اپنے توانائیاں بچالو، ہمیں اپنے مارچ کے دوران آپ کے جنون، جوش اور آپ کی انرجی کی ضرورت پڑے گی، اس کے لیے آپ اپنی توانائیاں بچالیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری منزل قریب ہے، ہم الیکشن چاہتے ہیں، ہم امپورٹڈ حکومت نہیں چاہتے، ہم صاف شفاف الیکشن کے ذریعے آزادی چاہتے ہیں اور جب تک ہمیں صاف اور شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی، اس وقت تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024