• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پاکستان دہشتگردی روکنے کیلئے کابل کی طرف دیکھ رہا ہے، وزیر خارجہ

شائع May 19, 2022
وزیر خارجہ نے کہا اگر ہم افغانستان کے لوگوں کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیتے ہیں تو یہ ہمارے کسی بھی مفاد میں نہیں ہو گا — فوٹو: اسکرین گریب
وزیر خارجہ نے کہا اگر ہم افغانستان کے لوگوں کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیتے ہیں تو یہ ہمارے کسی بھی مفاد میں نہیں ہو گا — فوٹو: اسکرین گریب

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے سرحدی علاقے میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافے کی حوصلہ شکنی کے لیے پاکستان، افغانستان میں طالبان حکومت کی طرف دیکھ رہا ہے کہ وہ اس پر اپنا کردار ادا کرے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی صحافی کرسٹین امن پور کے ساتھ انٹرویو میں جب بلاول سے پوچھا گیا کہ وہ افغان طالبان کی حکومت کو ان رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد کس طرح دیکھتے ہیں کہ کابل نے پاکستانی فوج اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ہم نہ صرف اس صورتحال کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی طرف سے کام کر رہے ہیں کہ ہم دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کی کوشش کریں۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے ساتھ 'نتیجہ خیز' ملاقات

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان کی حکومت عالمی برادری سے اپنے اس وعدے پر قائم رہے گی کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

وزیر خارجہ سے جب پوچھا گیا کہ پاکستان کو کابل کی موجودہ انتظامیہ کو قبول کرنے میں کیا چیز روک رہی ہے تو اس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ عالمی برادری کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا جائے گا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی روشنی میں ہم بات چیت کرنے کا کہتے رہتے ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا اسلام آباد نے افغان طالبان کے ساتھ اس حوالے سے بات کی ہے کہ مسلم ممالک کس طرح خواتین کو حقوق دے سکتے ہیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ مغرب کا مسئلہ نہیں ہے، میں خواتین کے حقوق یا ان کی تعلیم کے حقوق کو اسلام میں ہمیں دیے گئے حقوق کے طور پر دیکھتا ہوں، ہم اس بات پر زور دیں گے کہ طالبان اپنے بین الاقوامی وعدوں پر عمل کریں اور افغانستان کی خواتین کے حقوق کو یقینی بنائیں۔

صحافی امن پور کے اس تبصرے پر کہ امریکا کا خیال ہے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک افغان طالبان کی حمایت میں ایک ’انتہائی خطرناک کردار‘ ادا کیا ہے، بلاول نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ مسلسل تعلقات رکھے ہیں، قطع نظر اس کے کہ کوئی بھی اقتدار میں ہو۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی ہم منصب سے رواں ہفتے ملاقات متوقع

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے اس بات کے حامی رہے ہیں کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ، تنازع کا حل بات چیت اور سفارت کاری میں ہے اور بالآخر اس پوزیشن کو برقرار رکھنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کے باوجود عالمی برادری بھی اسی راستے پر آگئی کہ افغانستان میں تنازعات اور مسائل کو حل کرنے کے لیے یہی راستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابل میں جو بھی پیش رفت ہوتی ہے اس کا براہ راست اثر پاکستانی عوام پر آتا ہے، وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہمیں افغانستان میں انسانی بحران کو کم کرنے کو ترجیح دینی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی معاشی بحران نہ ہو اور طالبان کو عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں پر قائم رکھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان نہیں بلکہ امریکا تھا جس کا کابل پر قبضے سے قبل طالبان سے براہ راست رابطہ تھا، پاکستان اور عالمی برادری کا خیال ہے کہ اگر ہم افغانستان کے لوگوں کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیتے ہیں تو یہ ہمارے کسی بھی مفاد میں نہیں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024