• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

'بلوچستان میں غیر ملکی دہشتگرد سیلز فعال ہیں'

شائع May 19, 2022
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ حقیقی بلوچ اپنی خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں کر سکتے — فوٹو: اے پی پی
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ حقیقی بلوچ اپنی خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں کر سکتے — فوٹو: اے پی پی

بلوچستان حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کا نیٹ ورک یورپ اور خلیجی ریاستوں سے چلایا جارہا ہے جو خاص طور پر خواتین کو اپنے دہشت گردی کے نیٹ ورک میں بھرتی کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومتِ بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پولیس نے پیر کو بلوچستان کے علاقے تربت میں کارروائی کرکے ایک خاتون نور جہاں کو ساتھی سمیت گرفتار کیا۔

مزید پڑھیں: غیر ملکیوں پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کرنے والی خاتون عدالت میں پیش

ترجمان نے کہا کہ یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ریاست مخالف عناصر بیرون ملک سے آپریٹ کر رہے ہیں جو نہ صرف پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کی سرپرستی کر رہے ہیں بلکہ دہشت گردوں کی تربیت اور ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کی گئی خاتون نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اور ان کی ساتھی کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے ایک خطرناک گوریلا سیل ’مجید برگیڈ‘ کی اجرتی رکن ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں افراد کو سی ٹی ڈی مکران رینج نے خفیہ اطلاعات پر گرفتار کیا ہے۔

فرح عظیم شاہ نے دعوٰی کیا کہ سی ٹی ڈی نے دوران کارروائی ان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، 6 دستی بم، کلاشنکوف، رائفلز اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کا 7 روزہ ریمانڈ دے دیا ہے۔

فرح عظیم نے مزید کہا کہ دوران تفتیش خاتون نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے متعلق یہ انکشاف کیا کہ تنظیم کے سربراہ اسلم عرف اچھو کی اہلیہ خواتین کو دہشت گردی کی تربیت دے رہی ہیں، اسلم عرف اچھو مارا جاچکا ہے اور اب اس کی اہلیہ یاسمین خواتین کو دہشت گرد بننے کی تربیت دے رہی ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش نور جہاں نے انکشاف کیا کہ وحیدہ، حمیدہ اور فہمیدہ نامی خواتین جو کالعدم تنظیم کا حصہ ہیں وہ خودکش حملوں کے لیے تربیت یافتہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں، برطانیہ اور خلیجی ریاستوں میں مقیم کچھ افراد کی جانب سے دہشت گرد حملے کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ کراچی میں خود کش دھماکا، تین چینی باشندوں سمیت 4 افراد جاں بحق

فرح عظیم شاہ مزید کہا کہ بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور کچھ دیگر ممالک بھی پاکستان کی سالمیت کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ بلوچستان کے کاز کا خیال رکھنے والوں کو یہاں کے لوگوں کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کے لیے گھر واپس آنا چاہیے، حقیقی بلوچ اپنی خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔

قبل ازیں پولیس کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے منسلک ہائی وے پر غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار خاتون کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔

یاد رہے کہ کراچی یونیورسٹی کے قریب گزشتہ مہینے ایک خاتون نے چینی باشندوں کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا تھا، بعد میں کالعدم تنظیم بی ایل اے نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، خاتون مجید برگیڈ کا حصہ تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024