• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ریفری کو تھپڑ مارنے پر بھارتی پہلوان پر تاحیات پابندی

شائع May 18, 2022
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے عہدیدار نے کہا کہ کبھی بھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا — فوٹو: ہندوستان ٹائمز
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے عہدیدار نے کہا کہ کبھی بھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا — فوٹو: ہندوستان ٹائمز

نئی دہلی میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کے دوران ارینا میں ایئر کنڈیشن نہ ہونے پر بھارتی پہلوان نے طیش میں آکر ریفری کو تھپڑ دے مارا جس پر ان پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برمنگھم میں رواں سال ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے لیے منگل کو ٹرائلز کے دوران ریفری نے 125 کلوگرام کیٹیگری میں پیسہ بہانے والے بھارتی پہلوان ستیندر ملک کے مخالف کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔

مزید پڑھیں: ماضی کے معروف ریسلر ریزر رامون 63 سال کی عمر میں چل بسے

اپنے مخالف فیصلہ آنے پر پسینے میں شرابور ستیندر ملک نے شدید غصے میں آکر ریفری جگبیر سنگھ سے بدتمیزی اور گالم گلوچ کی اور چہرے پر تھپڑ دے مارا۔

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے عہدیدار ونود تومر نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ کبھی بھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلوان نے نہ صرف ریفری کو تھپڑ مارا بلکہ ان کو مارنے کی دھمکی بھی دی جس کے بعد ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرکے تاحیات پابندی عائد کردی گئی ہے۔

عہدیدار نے تصدیق کی کہ ایئر کنڈیشن کام نہیں کر رہے تھے جس کی وجہ سے درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

وشال کالی رامن، جو مقابلہ ہار گئے تھے، انہوں نے غصے میں ریسلنگ ہال کی خشک دیواروں میں سوراخ کر دیا جس کی وجہ سے پولیس کو بلانا پڑا۔

مزید پڑھیں: نشے میں دُھت کھلاڑی نے 15ویں منزل پر بالکونی سے الٹا لٹکا دیا تھا، بھارتی اسپنر

ریفری جگبیر سنگھ نے کہا کہ میں اس اچانک حملے پر حیران ہوں۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے جگبیر سنگھ کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے بہت دکھ ہوا کہ ستیندر ملک نے مجھے گالی دی اور صرف اپنی ڈیوٹی کرنے پر سب کے سامنے مجھے مارا‘۔

شمالی بھارت اور پاکستان میں شدید گرمی کی لہر دیکھی جارہی ہے، اتوار کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔

اگرچہ مئی اور جون میں بھارت بھر میں ہیٹ ویو عام ہیں، لیکن رواں سال گرمی جلدی آگئی ہے اور مارچ میں ریکارڈ گرمی دیکھی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024