انفینکس نوٹ سیریز کے دو بجٹ فون متعارف
چینی کمپنی انفینکس نے نوٹ سیریز کے دو نئے فون نوٹ 12 اور نوٹ 12 وی آئی پی کو متعارف کرادیا، جس میں پہلی بار ڈوئل چارجنگ پورٹ دیا گیا ہے۔
میڈیا ٹیک کے ہیلیو جی 96 کے طاقتور پراسیسر کے حامل فون میں 8 جی بی ریم اور 5 جی بی ورچوئل ریم دی گئی ہے جب کہ اسے یو ایس بی پورٹ کے ساتھ بڑھایا بھی جا سکے گا۔
انفینکس نوٹ 12 وی آئی پی کی اسکرین 6.7 انچ رکھی گئی ہے اور اس میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے، جسے محض 10 سے 17 منٹ میں فل چارج کرنا ممکن ہوگا۔
کسی بھی انفینکس کے فون میں پہلی بار 120 والٹ چارجر دیا گیا ہے، ساتھ ہی اس میں بیک وقت چارجنگ کے دو پورٹ دیے گئے ہیں، یعنی اسے دو چارجرز سے بھی چارج کیا جا سکے گا۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ انفینکس 12 وی آئی پی کو محض 17 منٹ میں زیرو سے 100 فیصد چارج کیا جا سکے گا جب کہ دونوں چارجر لگانے سے اسے محض 10 منٹ میں فل چارج کیا جا سکے گا۔
انفینکس نوٹ 12 وی آئی پی میں بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جن میں سے مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے، دوسرا 13 میگا پکسل ہے جب کہ تیسرے میں ان ڈیپتھ سینسر کے ساتھ رکھا گیا ہے، ساتھ ہی کیمروں میں آٹو فوکس کا سینسر بھی دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انفینکس نوٹ 12 میں 108 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ فون سے مسلسل پانچ گھنٹے تک یوٹیوب پر براہ راست اسٹریمنگ دکھائی جا سکتی ہے جب کہ 6 گھنٹے تک گیم کھیلا جا سکتا ہے، نئے فون پر 86 گھنٹے تک میوزک اور 17 گھنٹے تک فون پر گفتگو کرسکتے ہیں۔
اسی طرح کمپنی نے انفینکس نوٹ 12 بھی متعارف کرادیا گیا، جس میں تین بیک کیمرے دیے گئے ہیں، جن میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے، جس میں نائٹ فیچر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ اس میں دو میگا پکسل کے کیمرے کے علاوہ ہیلپر کیمرا بھی دیا گیا ہے۔
میڈیا ٹیک کے ہیلیو جی 96 کے طاقتور پراسیسر کے حامل فون میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے اور اس میں 33 والٹ کا چارجر دیا گیا ہے۔
8 جی بی ریم کے ساتھ اس میں بھی 5 جی بی ورچوئل ریم دی گئی ہے اور اس میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا ہے۔
کمپنی نے نوٹ 12 وی آئی پی کی قیمت پاکستانی تقریبا 60 ہزار روپے جب کہ نوٹ 12 کی قیمت 40 ہزار روپے تک رکھی ہے۔