• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

وفاق، پنجاب پر خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کا الزام

شائع May 14, 2022
عالمی مالیاتی ادارے اور حکومتیں امپورٹڈ وفاقی حکومت کو قرضے دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہیں— فائل فوٹو: اے پی پی
عالمی مالیاتی ادارے اور حکومتیں امپورٹڈ وفاقی حکومت کو قرضے دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہیں— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خصوصی مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پاس مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم کا ذخیرہ کافی موجود ہے لیکن وفاق اور حکومت پنجاب صوبے میں آٹے کا بحران پیدا کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محمد علی سیف نے انصاف سیکریٹریٹ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گندم اور آٹے کی ہمسایہ ملک افغانستان میں اسمگلنگ کی اپنی حکومت کی نااہلی کا ذمہ دار خیبرپختونخوا کو ٹھہرایا اور اب آٹے کی ترسیل پر پابندی لگا کر خیبرپختونخوا میں خوراک کا عدم تحفظ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مشیر نے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم اور پارٹی کے دیگر عہدیدران ڈاکٹر افتخار زیدی، تیمور سلیم اور کمال سلیم سواتی کے ہمراہ بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے خیبرپختوانخوا میں خوراک کا عدم تحفظ پیدا کرنے کی کوشش کرنے کے لیے گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختوانخوا میں گندم کی سپلائی کا انحصار پنجاب پر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیداوار میں 30 لاکھ ٹن کمی کے سبب گندم کے ایک اور بحران کا خدشہ

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور حکومتیں امپورٹڈ وفاقی حکومت کو قرضے دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں افراط زر میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محمد علی سیف نے کہا کہ حکومتی اتحاد نے اقتدار میں آنے سے پہلے مہنگائی پر قابو پانے اور مقامی کرنسی کو مضبوط کرنے کے جھوٹے وعدے کیے۔

وزیر اعلیٰ کے خصوصی مشیر برائے اطلاعات نے کہا کہ امریکی ڈالر کی قدر میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں ڈیزل کی قلت سے گندم کی فصل متاثر ہونے کا امکان

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی فعال حکومت میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے فنڈز کے اجرا میں تاخیر کر رہی ہے، یہ فنڈز قبائلی اضلاع کے لیے بھی ہیں۔

افتتاح:رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان نے 132 کلو واٹ کے چھترپلین فیڈر کا افتتاح ایک خصوصی تقریب میں کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعظم کے مشیر امیر مقام بھی ہفتے کو اسی طرح کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

صالح محمد خان سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کے ہمراہ پی ٹی آئی کارکنان کی نعرے بازی میں چھترپلین گرڈ اسٹیشن پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ پاور پروجیکٹ کو ان کے مختص کیے گیے فنڈز سے مکمل کیا گیا ہے تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔

جرمانہ: محکمہ خوراک نے بالاکوٹ میں متعدد دکانوں اور ہوٹلوں پر مضر صحت کھانا اور مشروبات بیچنے پر جرمانے عائد کیے۔

محکمہ خوراک اور محکمہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عظمٰی شاہ کی سربراہی میں مارکیٹوں اور بازاروں کے اچانک دورے کے دوران کارروائی کی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024