• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

عمران خان جتنا زیادہ بولیں گے ان کا اصل چہرہ سامنے آئے گا، مریم اورنگزیب

شائع May 14, 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی—فوٹو : ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی—فوٹو : ڈان نیوز

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جتنا زیادہ بولیں گے اتنا ہی ان کا اصل چہرہ لوگوں کے سامنے آئے گا اور اس کا فائدہ مسلم لیگ (ن) کو ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال اپنی نااہلی، نالائقی اور لوٹ مار کا سوال ان سے کیا جارہا ہے جن کے پاس 4 ہفتوں قبل حکومت آئی ہے، پی ٹی آئی کے ہر جلسے میں خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا اپنے دور حکومت میں ہیلی کاپٹر پر ایک ارب روپے خرچ کرنے والا آج دوسروں پر انگلی اٹھا رہا ہے، اب یہ خیبرپختواخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر کس حیثیت سے استعمال کررہے ہیں؟ کیا آپ کے پاس کوئی سرکاری عہدہ ہے؟

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

مریم اورنگزیب نے کہا پی ٹی آئی کے جلسوں میں اداروں کو اور عدلیہ کو گالیاں دی جارہی ہیں، ملک میں انتشار، فساد اور انارکی صرف اس وجہ سے پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ آپ کے پاس اقتدار نہیں ہے؟

وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ وہی ہیلی کاپٹر کیس ہے جس پر تحقیقات نہ کروانے کے لیے انہوں نے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالا لگایا اور مخالفین پر کیسز بنانے کے لیے نیب کو استعمال کیا۔

سیالکوٹ واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے مسلسل جھوٹ کی رٹ لگائی ہوئی ہے، میرے پاس سی ٹی آئی بوائز ہائی اسکول کو خط ہے جو انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو 9 مئی کو لکھا تھا، اس خط میں یہ بتایا گیا کہ پی ٹی آئی نے جس گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مانگی ہے وہاں عبادت گاہ جسے مذہبی برادری استعمال کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان یاد رکھیں ظلم حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے، مریم اورنگزیب

ان کی جانب سے اس پر احتجاج کیا گیا کہ یہ ہماری عبادت گاہ ہے، آپ کسی اور جگہ جلسہ کرلیں لیکن ان کا رویہ مسلسل صرف غںڈہ گردی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ حکومت اور پاکستان کے درمیان نہیں تھا، یہ مسئلہ مسیحی برادری اور پی ٹی آئی کے درمیان تھا جو 9 مئی کو بتادیا گیا تھا، ڈی سی کی جانب سے ان کو بار بار متنبہ کیا جارہا تھا کہ اس جگہ جلسہ نہیں ہوسکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب انہوں نے بات نہیں مانی تو مسیحی برادری نے احتجاج کیا، جس کے بعد ڈی سی نے ان سے اس حوالے سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے مسلسل فاشسٹ رویے کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جعلی بیانیے کے ذریعے الیکشن کمشنر کو نشانہ بنا رہی ہے، مریم اورنگزیب

وزیراطلاعات نے کہا کہ سی ٹی آئی کی مسیحی کمیونٹی نے کل رات اور آج صبح بھی احتجاج کیا، لیکن ان لوگوں نے وہاں جاکر دھمکیاں دینی شروع کردیں، یہ بار بار کہہ رہے ہیں کہ ’آپ سن لیں کان کھول کر میں آرہا ہوں‘، آپ کو روک کون رہا ہے؟ آپ نے اس سے پہلے بھی جلسے کیے ہیں، ہم آپ کی تقریروں سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا زیادہ بولیں گے اس کا فائدہ مسلم لیگ (ن) کو ہوگا، پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کے سامنے ان کا اصل چہرہ اسی طرح سامنے آئے گا، جو کہ آ بھی رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہیں جلسہ کرنے سے کسی نے نہیں روکا بلکہ متبادل بتایا گیا لیکن انہوں نے ایسی فضا بنائی جیسے ہم انہیں روک رہے ہیں، بعد میں پی ٹی آئہی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی اور مسیحی برادری کے جذبات کا احترام کرنے کے بجائے اس بات کو تسلیم کرلیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کے تبصرے خوف سے بھرپور ہیں، روانگی قریب ہے، مریم اورنگزیب

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کے جلسوں میں جانے والوں کو میں بتانا چاہتی ہوں کہ یہ شخص اپنے جلسوں میں جھوٹ بولتا ہے، اس نالائق شخص نے 4 برسوں میں 60 لاکھ نوجوانوں سے ان کی نوکریں چھینی ہیں، اس نے جھوٹ بول کر ہر ادارے کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب اب آپ کو سوال کا جواب دینا ہے، سوال پوچھنا نہیں ہے، 4 سال آپ نے ملکی معیشت تباہ کی، جب آپ حکومت چھوڑ کر گئے تو ڈالر 189 روپے تک پہنچ چکا تھا، جب آپ کو عدم اعتماد کی کامیابی کا یقین ہوگیا تو آپ نے کابینہ اور ای سی سی کو اعتماد میں لیے بغیر پٹرول پر سبسڈی دے کر پاکستان کے عوام کو دھوکا دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوئی تو مہنگائی کی شرح 3.9 فیصد تھی، جس وقت آپ اقتادر چھوڑ کر گئے اس وقت مہنگائی کی شرح 13 فیصد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ملک کو بدنام کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

لندن میں کابینہ کی نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کا نجی دورہ تھا جس کا خرچہ بھی ہم نے خود برداشت کیا، اجلاس میں ہم نے اس بارے میں مشاورت کی کہ پی ٹی آئی کے چھوڑے ہوئے مہنگائی کے بوجھ سے کس طرح نمٹنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، الیکشن کے حوالے سے صرف مسلم لیگ (ن) نہیں تمام اتحادی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہوگا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rizwan Ali Soomro May 14, 2022 09:51pm
اچھا

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024