• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران خان اسکول میں مسلم لیگ(ن) کے بچوں سے نفرت کرنے کا کہتا ہے، راناثنااللہ

شائع May 14, 2022
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان قوم میں نفرت پھیلا رہے ہیں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان قوم میں نفرت پھیلا رہے ہیں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماؤں سے کہہ رہا ہے بچوں سے کہیں کہ اسکول میں مسلم لیگ(ن) کے بچوں سے نفرت کریں۔

لندن میں دیگر وفاقی وزرا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ جب کوئی قانون اپنے ہاتھ میں لے گا تو اس وقت قانون اس کو اپنی گرفت میں لے گا۔

مزید پڑھیں: کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رانا ثنااللہ

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں انارکی اور افراتفری نہیں چاہتے لیکن یہ انسان قوم کو تقسیم کر رہا ہے اور قوم کے بچوں کو نفرت میں مبتلا کر رہا ہے اور کہ رہا ہے مائیں اپنے بچوں سے کہیں کہ اسکول میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بچوں سے نفرت کریں اور ان کو یہ الفاظ کہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو انسان اس حد تک پاگل پن کا شکار ہے، وہ قوم، قوم کے بچوں اور نوجوان نسل کو گمراہی پر لگا رہا ہے تو وہ قوم کو کس طرف لے کر جانا چاہتا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر وقت آیا اور انہوں نے کسی غلط ارادے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو دیکھیں گے، یہ پراپیگنڈا لوگوں کو ذہنی طور پر متاثر کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ فکرمند ہیں لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ ان کی تقلید کریں یا ان کے ساتھ کھڑے ہوں، ماسوائے فین کراؤڈ کے۔

شیخ رشید کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں کہا کہ وہ کہتا ہے کہ لوگ اپنے آپ کو آگ لگائیں گے، کس نے کہا اپنے آپ کو آگ لگاؤں گا، وہ خود اپنے آپ کو آگ لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر وزیراعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں، آئین کی خلاف ورزی سےباز رہیں، رانا ثنااللہ

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پچھلے ساڑھے تین 4 برسوں میں گورننس کا بھی بحران رہا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ختم ہوگئی تھی۔

عمران خان کو جن کی سرپرستی حاصل رہی انہی کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی تجاویز پاکستان کے عوام کے سامنے رکھیں گے اور جو بھی فیصلہ کریں گے، اس سے پاکستان کے عوام کو اگلے 48 گھنٹوں میں اعتماد میں لیں گے۔

صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جو بحث کی ہے، وہ اپنے اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے، ہم اتحادی ہیں اس لیے اکیلے فیصلے کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور نہ ہی اکیلے فیصلے کرنے چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیک صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نہیں ہیں، بلکہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)، جے یو آئی، بی این پی مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر تمام جماعتوں کے ہیں، جب تک یہ سب آن بورڈ نہ ہوں، اس وقت تک ہم حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکتے۔

قبل از انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ہمارے اوپر کوئی دباؤ نہیں ہے، پاکستان کے عوام اور ہمارا ووٹر ہم پر دباؤ ڈال سکتا اور اس کا حق بنتا ہے، وہ خود مختار ہیں، آئین اور قانون کے مطابق وہ حکمران ہے، ان کا دباؤ ہوسکتا ہے، ہم ان کا دباؤ برداشت کریں گے کسی اور دباؤ برداشت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کروا دیے جائیں، وزیر دفاع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تقریر سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایک بات ثابت ہوتی ہے کہ عمران خان کو جس ہاتھوں نے کھلایا اس نے اسی کو کاٹا اور کسی سے بھی وفا نہیں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پچھلے ساڑھے تین، 4 سال اور اس سے قبل بھی ان کو سرپرستی حاصل رہی اور آج انہی کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، یہ شخص نہ کسی ادارے کا ہے، نہ پاکستان کے عوام کا ہے، نہ پاکستان کا ہے وہ ایک اناپرست انسان ہے اور اس کا جو ذاتی مفاد ہے وہ اس کا غلام ہے۔

بہت جلد ہم فاورڈ پوزیشن پر کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے، خواجہ سعد رفیق

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بڑے واضح انداز کہنا چاہتے ہیں کہ جو شرپسند ٹولہ فتنہ عمرانیہ یا پی ٹی آئی کے نام پر ملک میں لاشیں گرانے کی بات کرتے ہیں یا خونی تبدیلی کی باتیں کر رہا ہے تو اس کو یہ موقع نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے کا موقع عمران خان اور ان کے حامیوں کو نہیں ملے گا اور اس کا طریقہ کار کیا ہوگا، چند دنوں میں سامنے آجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’قبل از وقت انتخابات کیلئے وزیراعظم پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا‘

ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر پاکستان کی معیشت کی بات ہوئی ہے، یہ ہماری اور وزیراعظم کی ذمہ داری ہے کہ اپنے قائد کو جنہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے ہم سے دور کیا گیا ہے، جنہیں غلط طور پر جیل میں ڈالا گیا ہے، ہم ان کے پاس آتے اور رہنمائی لیتے۔

وزیرریلوے نے کہا کہ ہمارے سیشنز بڑے اہم تھے، عمران خان نے پاکستانیوں کو جو زخم اور گھاؤ لگایا ہے، معاشی تباہی کی ہے، اس پر بات کی ہے، اس کا حل پر بھی بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک اور قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس پر بھی بات کی ہے، عمران خان پہلے مذہب کارڈ کھیلتا رہا، پھر کرپشن کارڈ سے کھیلتا رہا لیکن جب دونوں پٹ گئے تو اب غداری کارڈ سے کھیلنا شروع کردیا ہے، یہ درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہم فاورڈ پوزیشن پر کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024