• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عروہ حسین کا اعجاز اسلم کے بیان پر اظہار افسوس

شائع May 13, 2022
اعجاز اسلم نے بھی وضاحتی بیان جاری کردیا—فوٹ: انسٹاگرام
اعجاز اسلم نے بھی وضاحتی بیان جاری کردیا—فوٹ: انسٹاگرام

معروف اداکارہ عروہ حسین نے سینیئر اداکار اعجاز اسلم کی جانب سے اپنے حوالے سے سنی سنائی باتوں کو ٹی وی اسکرین پر کرنے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اعجاز اسلم نے کچھ دن قبل ’دی کپل شو‘ میں کہا تھا کہ انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین کا شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں اور ہدایت کاروں سے رویہ ٹھیک نہیں ہوتا۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے خود ایسی کوئی بات نہیں دیکھی اور نہ ہی انہوں نے عروہ حسین کے ساتھ کبھی کام کیا ہے مگر انہوں نے ان سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں۔

اعجاز اسلم کے مطابق انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین نے ایک بار ایک ہدایت کار کو بھی جھاڑ پلادی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ اگر عروہ حسین سے متعلق مذکورہ باتیں درست ہیں تو انہیں اخلاقیات سیکھنے کی ضرورت ہے، تاہم وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ مذکورہ باتیں سچی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عروہ حسین سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں، اعجاز اسلم

اعجاز اسلم کے مذکورہ بیان کے بعد اب عروہ حسین نے ان کی باتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیئرز کو سمجھنا چاہیے کہ ان کی چھوٹی غلط بات بھی جونیئرز کی ذہنی صحت اور کیریئر کو خراب کر سکتی ہے۔

عروہ حسین نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ وہ اپنے تمام سینیئرز کی عزت کرتی ہیں اور ساتھ ہی وہ ان کی رائے کا احترام بھی کرتی ہیں، تاہم وہ یہ بھی امید رکھتی ہیں کہ سینیئرز کو بھی بولتے وقت جونیئرز کے جذبات، احساسات اور کام کا خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سینیئرز کو سوچنا چاہیے کہ جونیئرز کے حوالے سے بات کرتے وقت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کیوں کہ ان کی ایک چھوٹی سی غلط بات بھی دوسروں کی ذہنی صحت اور کیریئر کو تباہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے اعجاز اسلم کا نام لکھے بغیر کہا کہ یہ سچ ہے کہ وہ اپنے پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کے ساتھ تخلیقی بحث کرتی ہیں اور انہیں یہ معلوم نہیں کہ ان کی بحث ڈراما سازوں کو ناگزیر لگتی ہے۔

اداکارہ نے بیان میں کہا کہ انہوں نے خود پر تنقید کرنے والے شخص کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا اور نہ ہی وہ ان سے متعلق مزید کوئی رائے رکھتی ہیں۔

عروہ حسین نے ’دی کپل شو‘ کے میزبانوں آغا علی اور حنا الطاف کی تعریف کی کہ وہ اعجاز اسلم کی جانب سے کہی گئی باتوں پر نہیں گئے اور نہ ہی انہوں نے ان کا ساتھ دیا۔

دوسری جانب اعجاز اسلم نے بھی بعد ازاں انسٹاگرام پر اپنے بیان کی وضاحت کی اور کہا کہ انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین سے متعلق باتیں سن رکھی ہیں، وہ ذاتی طور پر اس ضمن میں کچھ نہیں جانتے۔

اعجاز اسلم نے وضاحتی بیان میں کہا کہ وہ اپنے تمام فنکار ساتھیوں کی عزت کرتے ہیں اور ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا، انہوں نے پروگرام میں ہی واضح کیا تھا کہ انہوں نے عروہ سے متعلق کچھ باتیں سن رکھی ہیں، جن سے متعلق انہیں علم نہیں کہ وہ سچی ہیں کہ جھوٹی ہیں۔

اعجاز اسلم نے واضح کیا تھا کہ وہ ذاتی طور پر عروہ حسین سے متعلق کچھ نہیں جانتے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اعجاز اسلم نے واضح کیا تھا کہ وہ ذاتی طور پر عروہ حسین سے متعلق کچھ نہیں جانتے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024