• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

‘نیوٹرلز’ کو متنبہ کیا تھا اگر سازش کامیاب ہوئی تو معیشت ڈوب جائےگی، عمران خان

شائع May 13, 2022
سابق وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ ان کی حکومت گرانے کو قرار دیا — فائل فوٹو: وزیراعظم آفس
سابق وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ ان کی حکومت گرانے کو قرار دیا — فائل فوٹو: وزیراعظم آفس

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ‘نیوٹرلز’ کو متنبہ کیا تھا کہ اگر ہماری حکومت کے خلاف سازش کامیاب ہوئی تو معاشی بحالی ڈوب جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح 193 پر ہے (8 مارچ کو 178 تھا)، شرح سود 1998 کے بعد 15 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے’۔

مزید پڑھیں: جو سازش روک سکتے تھے، ان کو بتایا لیکن ہم کچھ نہیں کرسکے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ ‘اسٹاک مارکیٹ 3 ہزار پوائنٹس یا 6.4 فیصد تک گر چکی ہے، اسٹاک مارکیٹ 604 ارب روپےکی کیپیٹلائزیشن گنوا چکی ہے اور مہنگائی جنوری 2020 کے بعد سے 13.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے’۔

عمران خان نے کہا کہ ‘یہ سب امپورٹڈ حکومت پر تاریخ کے کم ترین اعتماد کی علامتیں ہیں، مارکیٹ پالیسی اور اقدامات کی منتظر ہے جو فراہم کرنے میں یہ امپورٹڈ حکومت مکمل ناکام رہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اور شوکت ترین نے نیوٹرلز کو متنبہ کیا تھا کہ اگر سازش کامیاب ہوئی تو ہماری نحیف معاشی بحالی ڈوب جائے گی، یہی سب اب ہوچکا ہے’۔

خیال رہے کہ لفظ ‘نیوٹرل’ سیاسی لغت میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی رواں برس مارچ میں ہونے والی اس پریس کانفرنس کے بعد شامل ہوا جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انگریزوں نے میر جعفر کو اقتدار پر بٹھایا ویسے ہی امریکا نے شہباز شریف کو بٹھایا، عمران خان

انہوں نے کہا تھا کہ فوج کو سیاست میں مبینہ مداخلت کے حوالے سے غیر ضروری مباحثوں اور گفتگو میں شامل کرنے سے گریز کریں۔

حکومت کی فیصلوں میں ناکامی سے اعتماد میں کمی

عمران خان کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) اور روپیہ دونوں گزشتہ چند دنوں سے دباؤ کا شکار ہے جب سے نئی اتحادی حکومت فیصلہ کن معاشی اقدامات کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 193 روپے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، جبکہ گزشتہ روز ڈالر بلند ترین سطح 192 روپے کو چھو گیا تھا۔

تجزیہ کاروں اور ماہرین معاشی دباؤ کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے قرض کے منصوبے پر غیریقینی کے ساتھ تیل کے درآمدی بلوں میں اضافہ اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے سے جوڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی بے قدری جاری، ڈالر 193 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

دو روز قبل ڈان کے اداریے میں نشان دہی کی گئی تھی کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکامی کے پیچھے اتحادی حکومت کی معیشت ٹھیک کرنے کے لیے مشکل سیاسی فیصلوں میں تذبذب ہے۔

بتایا گیا تھا کہ مالی طور پر غیر مستقل توانائی کی سبسڈیز پر واپسی کے بارے میں بدستور کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جس پر آئی ایم ایف اپنی فنڈنگ شروع ہونے سے قبل فیصلہ دیکھنا چاہتا ہے۔

آئی ایم ایف نے نئے وزیر خزانہ کے ساتھ حالیہ ملاقات میں قرض پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے توانائی پر دی جانے والی سبسڈیز کی واپسی سے جوڑا تھا، جو گزشتہ حکومت نے متعارف کروائی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے دی گئی آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمریز دو مرتبہ مسترد کرچکے ہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے 28 فروری کو پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں 30 جون تک 4 ماہ کے لیے تبدیل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومت کا عمران خان کو جواب

عمران خان کے دعووں پر جواب دیتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ملک کے معاشی بگاڑ اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی تاریخی بے قدری کا ذمہ دار سابق وزیر اعظم کو ٹھہرایا۔

ٹوئٹر پر جاری ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ‘معیشت کی تباہی، ڈالر کی تاریخی بلندی کے مجرم عمران صاحب ہیں، پاکستان کو گھمبیر مسائل کے دلدل میں عمران خان نے دھنسایا ہے’۔

عمران خان کو براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘آج ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے تو عمران صاحب ذمہ دار ہیں، ڈالر 193 پر عمران خان کی وجہ سے گیا ہے’۔

مزید پڑھیں: کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رانا ثنااللہ

ان کا کہنا تھا کہ ‘آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمران صاحب نے دستخط کیے جس کی سزا عوام کو مہنگائی کی صورت میں مل رہی ہے’۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘ملک میں 4 سال نالائقوں، نااہلوں، کارٹیلز اور عمران مافیا کی حکومت کی وجہ سے معاشی دہشت گردی کی گئی، آج ملک میں معاشی عدم استحکام عمران صاحب کی وجہ سے ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پیٹرول کی مد میں عمران خان نے اپنی ناکام سیاست کو بچانے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کیا جو آج عوام کو بھگتنے پڑ رہے ہیں، آج مشکل فیصلے کیے جارہے ہیں تو اس کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، اپنے عوام دشمن معاشی جرائم کو چھپانے کے لیے عمران صاحب کنٹینر پر چڑھے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘عمران صاحب، سیاسی مقاصد کے لیے ملک کی معیشت اور عوام کو داﺅ پر لگانا غداری ہوتی ہے، عمران صاحب نے عوام کو مہنگائی دی، اب سب سے زیادہ خود مہنگائی کا شور مچا رہے ہیں، عمران صاحب شور نہ مچائیں، مہنگائی کا جواب دیں، معاشی تباہی کا حساب دیں’۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ‘چار سال مسلط نالائقوں، نااہلوں، کارٹیلز اور عمران مافیا نے عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی کی’۔

تبصرے (1) بند ہیں

Fahad May 13, 2022 08:15pm
حان صاحب یہ آپ ہی کا بویا ہوا آج ہم کاٹ رہیں ہیں یہ سب آپ ہی کی مہربانیوں کا نتیجہ ہے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024