• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کا انتقال

شائع May 13, 2022
شیخ خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور امارات ابوظبی کے 16ویں حکمران تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی
شیخ خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور امارات ابوظبی کے 16ویں حکمران تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی

متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمراں شیخ خلیفہ بن زاید النہیان جمعہ کو 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے رپورٹ صدارتی امور کی وزارت نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کی اور متحدہ عرب امارات، عرب اور اسلامی قوم اور دنیا کے لوگوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمراں کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

وہ اپنے والد مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے جانشین منتخب ہوئے تھے جنہوں نے 1971 میں یونین کے بعد متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کا انتقال 2 نومبر 2004 میں ہوا۔

1948 میں پیدا ہونے والے شیخ خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور امارات ابوظبی کے 16ویں حکمران تھے۔ وہ شیخ زاید کے بڑے بیٹے تھے۔

متحدہ عرب امارات کا صدر بننے کے بعد شیخ خلیفہ نے وفاقی حکومت اور ابوظبی دونوں کی بڑی تنظیم نو کی۔

ان کے دور حکومت میں متحدہ عرب امارات نے تیزی سے ترقی کی اور یو اے ای کو اپنا گھر کہنے والے لوگوں کے لیے باوقار زندگی کو یقینی بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں بے روزگار شہریوں کی مالی معاونت کا فیصلہ

صدر منتخب ہونے کے بعد شیخ خلیفہ نے لیے متوازن اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے اپنا پہلا اسٹریٹجک منصوبہ شروع کیا، جس میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں کی خوشحالی کو مقدم رکھا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر کی حیثیت سے ان کا بڑا مقصد اپنے والد کے نقش قدم چلتے رہنا تھا اور ایک موقع پر ان کا کہنا تھا کہ والد کی میراث ’خوشحال مستقبل کے لیے ہماری رہنمائی کرتی رہے گی جہاں سلامتی اور استحکام کا راج ہوگا‘۔

شیخ خلیفہ نے تیل اور گیس کے شعبے اور چھوٹی صنعتوں کی ترقی کو آگے بڑھایا جنہوں نے ملک کے معاشی تنوع میں کامیابی کے ساتھ تعاون کیا۔

انہوں نے امارات کی فلاح و بہبود کے لیے پورے متحدہ عرب امارات میں وسیع دورے کیے، اس دوران انہوں نے ہاؤسنگ، تعلیم اور سماجی خدمات سے متعلق متعدد منصوبوں کی تعمیر کے لیے ہدایات دیں۔

اس کے علاوہ، انہوں نے وفاقی قومی کونسل کے اراکین کے لیے نامزدگی کے نظام کی تیاری میں پہل کی جسے متحدہ عرب امارات میں براہ راست انتخابات کے انعقاد کی جانب پہلے قدم کے طور پر دیکھا گیا۔

شیخ خلیفہ عوامی معاملات میں اپنی گہری دلچسپی رکھنے کے لیے جانے جاتے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار تعزیت

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات نے ایک دور اندیش رہنما اور پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔

اپنے ایک بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے ایک عظیم دوست کھو دیا، اللہ تعالی ان کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ اور طاقت دے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر دلی دکھ اور گہرے رنج کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے جذبات اور دعائیں شاہی خاندان اور یو اے ای کے عوام کے ساتھ ہیں۔

سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔

عمران خان نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا عظیم دوست اور اپنے عوام کا ایک بصیرت افروز رہنما قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024