شزا فاطمہ خواجہ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان مقرر
رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) شزا فاطمہ خواجہ کو وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان مقرر کردیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے شزا فاطمہ کا بطور معاون خصوصی برائے امور نوجوان تقرر مذکورہ رولز کے شیڈول 5-اے کے سیریل نمبر ون-اے کے ساتھ پڑھے گئے رولز آف بزنس، 1973 کے قاعدہ 4 (6) کے مطابق کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق شزا فاطمہ کی بطور معاون خصوصی تقرر کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 46 ہوگئی ہے جس میں 34 وفاقی وزرا، 5 وزرائے مملکت، 4 معاون خصوصی اور 3 مشیر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی 37 رکنی کابینہ میں صرف 5 خواتین شامل
وزیر اعظم کی کابینہ میں شامل دیگر ارکان میں احسن اقبال کو وزارت منصوبہ بندی، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون و انصاف، رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ، خواجہ سعد رفیق کو وزارت ریلوے اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو پارلیمانی امور، بلاول بھٹو کو وزارت خارجہ اور سید امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت دی گئی ہے۔
سید خورشید شاہ کو آبی وسائل، نوید قمر کو تجارت، عبدالقادر پٹیل قومی صحت، شازیہ مری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، شیری رحمٰن موسمیاتی تبدیلی، سید مرتضیٰ محمد انڈسٹریز، ساجد طوری اوورسیز پاکستانیز، احسان مزاری بین الصوبائی رابطہ اور عابد بھایو کو نجکاری کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
شاہ زین بگٹی کو انسداد منشیات، مولانا اسعد محمود کو مواصلات، مولانا عبدالواسع کو وزرات ہاؤسنگ، مفتی عبدالشکور کو وزارت مذہبی امور، سینیٹر طلحہ محمود کو وزارت سیفران کا قلمدان دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کل وزیر اعظم شہباز کی کابینہ میں بطور وفاقی وزیر حلف اٹھائیں گے
وزیراعظم کے 5 وزرائے مملکت میں ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو وزیر مملکت برائے خزانہ، حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ، عبدالرحمٰن خان کانجو کو وزیر مملکت برائے امور داخلہ، محمد ہاشم نوتیزئی کو وزیر مملکت برائے اور مصدق ملک کو وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مقرر کیا گیا ہے۔
شزا فاطمہ کے علاوہ وزیر اعظم کے دیگر 3 معاون خصوصی میں طارق فاطمی اور محمد صادق کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ حنیف عباسی کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہے۔
وزیر اعظم کے 3 مشیروں میں مسلم لیگ (ن) کے انجینئر امیر مقام، پیپلزپارٹی کے قمر زمان کائرہ اور پی ٹی آئی ترین گروپ کے عون چوہدری شامل ہیں۔