• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

کراچی: صدر میں دھماکے سے ایک شہری جاں بحق

شائع May 12, 2022 اپ ڈیٹ May 13, 2022
دھماکے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا—فوٹو: ڈان نیوز
دھماکے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا—فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے صدر میں دھماکے سے ایک شہری جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

جناح اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ دھماکے سے ایک شہری جاں بحق ہو اور ہسپتال میں 8 زخمیوں کو لایا گیا ہے، جن کی حالت شدید نوعیت کی ہے۔

ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ زیادہ تر افراد بال بیرنگ سے زخمی ہوئے۔

ڈٓان کو کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، دھماکے سے وہاں پر موجود گاڑیوں سمیت املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو دھماکے کی ابتدائی رپورٹ دی، جس میں کہا گیا کہ دھماکا یونائیٹڈ بیکری کے قریب ہوا ہے اور لگتا ہے آئی ای ڈی موٹرسائیکل میں نصب تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکے سے ایک راہ گیر جاں بحق ہوا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا بتایا گیا کہ بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوع کا معائنہ کررہی ہے اور سی ٹی ڈی حکام بھی جائے وقوع پر موجود ہیں، اور تفتیش ہر پہلو سے کی جارہی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطہ ہوا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق جناح اسپتال میں اب تک 8 زخمیوں کو لایا گیا ہے اور ایک شہری جاں بحق ہوا ہے۔

اس سے قبل صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس ناک واقعہ ہوا ہے، جس کی مذمت کرتےہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سے بات ہوئی ہے، انہوں نے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، پولیس اور بم اسکواڈ کو جائے وقوع میں بھیج دیا ہے، جو شواہد جمع کر رہے ہیں اور جیسے نوعیت کا پتہ چلے گا تو آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جائے جبکہ پولیس تفتیش کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے صدر میں دھماکے سے ایک شخص کے جاں بحق اور دیگر افرد کے زخمی ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے شہری کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گوہ ہون۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام اور امن دشمن عناصر کا قلع قمع کریں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

وفاقی وازرات داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتےہوئے چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر داخلہ نے دھماکے میں قیمتی جان کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے حکومت سندھ کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024