بچہ پیدا کرو، ورنہ 5 کروڑ ہرجانہ دو، والد نے بیٹے اور بہو پر مقدمہ کردیا
بھارتی ریاست اترکھنڈ میں بزرگ والدین نے اپنے بیٹے اور بہو پر بچہ پیدا نہ کرنے پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق اتر کھنڈ کے عمر رسیدہ شخص سنجیو اور ان کی اہلیہ سادھنا پرساد نے عدالت میں بیٹے اور بہو کے خلاف بچہ پیدا نہ کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔
بزرگ جوڑے نے دائر کردہ مقدمہ میں کہا ہے کہ اگر ان کے بیٹے اور بہو نے ایک سال کے اندر بچہ پیدا نہیں کیا تو انہیں 5 کروڑ روپے ہرجانہ دلوایا جائے۔
بزرگ جوڑے کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں بیٹے اور بہو سے بچہ پیدا نہ کرنے کی صورت میں فی کس ڈھائی کروڑ روپے ہرجانہ دلوانے کی درخواست کی گئی ہے۔
مقدمہ دائر کرتے وقت جوڑے نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے 2016 میں اس امید پر بیٹے کی شادی کروائی کہ انہیں ضعیف العمری میں پوتا یا پوتی مل جائے گی مگر ایسا نہیں ہو سکا۔
سنجیو پرساد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے قرض لے کر بیٹے کو امریکا بھیجا اور واپسی پر بھی انہوں نے بیٹے پر بہت خرچ کیا۔
انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جمع پونجی بیٹے پر خرچ کر ڈالی اور بڑی امیدوں سے ان کی شادی بھی کروائی کہ انہیں جلد پوتا یا پوتی مل جائے گی مگر ایسا نہ ہوسکا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں جنس کی کوئی پروا نہیں، بس وہ چاہتے ہیں کہ انہیں پوتا یا پوتی مل جائے۔
دونوں نے مقدمہ میں بیٹے اور بہو کو فریق بناتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک سال کے اندر بچہ پیدا کریں، دوسری صورت میں وہ انہیں 5 کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کریں۔
تبصرے (2) بند ہیں