• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ندا یاسر کا سجل علی کو خوش زندگی گزارنے کا مشورہ

شائع May 11, 2022
ندا یاسر نے سجل علی کو خوش رہنے کا مشورہ دیا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
ندا یاسر نے سجل علی کو خوش رہنے کا مشورہ دیا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹی وی میزبان ندا یاسر نے اداکارہ سجل علی کو زندگی کے اس مشکل وقت میں خوش رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں کہا ہے کہ جب وہ روتی ہیں تو انہیں دیکھ کر دوسرے لوگ بھی روتے ہیں۔

ندا یاسر نے حال ہی میں ’دی کرنٹ‘ سے بات کرتے ہوئے جہاں سجل علی کو مشورہ دیا، وہیں انہوں نے اداکارہ ثنا جاوید کو بھی تجاویز دے ڈالیں۔

ندا یاسر نے شوبز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مارننگ شو کرتے ہوئے 13 سال گزر چکے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ آغاز میں وہ بہت نا سمجھ تھیں، جس وجہ سے ان سے غلطیاں بھی ہوئیں۔

اداکارہ کے مطابق شروع میں جب غلطیوں کی وجہ سے ان پر تنقید کی جاتی تھیں تو انہیں تنقید بری لگتی تھی مگر اب وہ اسے دل پر نہیں لیتیں اور ساتھ ہی کہا کہ اب وہ پہلے سے زیادہ سمجھدار ہوچکی ہیں۔

ٹی وی میزبان کے مطابق انہیں مارننگ شو کرتے ہوئے 13 سال ہوچکے ہیں—اسکرین شاٹ
ٹی وی میزبان کے مطابق انہیں مارننگ شو کرتے ہوئے 13 سال ہوچکے ہیں—اسکرین شاٹ

انہوں نے ایک واقعہ بتایا کہ ماضی میں ایک پروگرام کے دوران کسی نے ان کے پاؤں کو دیکھنے کے بعد انہیں کالا کہا جس پر انہوں نے سمجھے بغیر تنقید کرنے والے کو کہا تھا کہ کیا پھر وہ اپنے پاؤں کٹوادیں؟

اسی طرح انہوں نے تسلیم کیا کہ ماضی میں انہوں نے براہ راست پروگرام کے دوران شگفتہ اعجاز کو آنٹی کہ دیا تھا، جس پر انہیں اداکارہ نے سمجھایا کہ کسی بھی شخص کو پروگرام میں انکل یا آنٹی نہیں کہا کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل کی جانب سے نام سے احد رضا میر ہٹانے پر مداح پریشان

ندا یاسر نے جونیئر ٹی وی میزبانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی ان کی طرح یہ غلطی نہ کریں اور کسی بھی سینیئر شخص کو وہ انکل یا آنٹی نہ کہیں، چاہے وہ انہیں پہلے سے ہی جانتے ہوں اور انہیں انکل اور آنٹی کہتے آ رہے ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں ندا یاسر نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے پروگرام میں بابرہ شریف کو بلاکر ان کا انٹرویو کریں، ساتھ ہی انہوں نے عاطف اسلم اور فواد خان کو بھی پروگرام میں بلاکر ان کا انٹرویو کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اداکارہ ثنا جاوید کو کوئی مشورہ دینے کے بجائے ان سے سوال کیا کہ انہوں نے شادی کے بعد کام کیوں کم کردیا ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ کام شروع کریں۔

اسی پروگرام میں میزبان نے ان سے کہا کہ آج کل سجل علی مشکل وقت سے گزر رہی ہیں، وہ انہیں کیا مشورہ دیں گی؟ جس پر ندا یاسر نے انہیں خوش رہنے کا مشورہ دیا۔

مزید پڑھیں: کیا سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان واقعی سب کچھ ٹھیک نہیں؟

ندا یاسر نے سجل علی کو مشورہ دیا کہ وہ خوش زندگی گزاریں، ہر وقت مسکرایا کریں، کیوں کہ جب وہ ہنستی ہیں تو دوسرے لوگ بھی خوش ہوتے ہیں اور انہیں روتا ہوا دیکھ کر باقی لوگ بھی روتے ہیں۔

خیال رہے کہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان طلاق کی خبریں ہیں اور شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات مبہم انداز میں ان کی طلاقوں کی تصدیق کر چکے ہیں، تاہم دونوں شخصیات نے اس حوالے سے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

سجل علی اور احد رضا میر نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی اور ایک سال بعد 2021 میں ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں اور چند ہفتے قبل ان کی طلاق ہوجانے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں نے اس پر کوئی وضاحت نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024