• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

انگریزوں نے میر جعفر کو اقتدار پر بٹھایا ویسے ہی امریکا نے شہباز شریف کو بٹھایا، عمران خان

شائع May 10, 2022 اپ ڈیٹ May 11, 2022
عمران خان نے جہلم میں جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: عمران خان ٹوئٹر
عمران خان نے جہلم میں جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: عمران خان ٹوئٹر
سابق وزیراعظم  نے کہا کہ امریکی انڈر سیکریٹری کہتا ہے  کہ چیری بلاسم کو لایا گیا تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا۔—فوٹو:ڈان نیوز
سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکی انڈر سیکریٹری کہتا ہے کہ چیری بلاسم کو لایا گیا تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا۔—فوٹو:ڈان نیوز

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ دنوں دیے گئے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر جعفر نے مغلوں کے گورنر سراج الدولہ سے اس وقت غداری کی جب وہ انگریزوں سے لڑ رہا تھا، انگریزوں نے غداری کرنے پر میر جعفر کو حکومت دی جس طرح امریکیوں نے شہباز شریف کو اقتدار پر بٹھایا۔

جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا کا انڈر سیکریٹری ڈونلڈ لو تکبر کے ساتھ پاکستانی سفیر کو بلا کر کہتا ہے کہ اگر پاکستان نے عمران خان کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی انڈر سیکریٹری کہتا ہے اگر عمران خان کو ہٹا کر چیری بلاسم کو لایا گیا تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مارچ کے لیے 20 مئی کے بعد کسی بھی وقت کال دوں گا، عمران خان

چپئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش تیار کی گئی، ہماری حکومت کے خلاف سازش باہر بنتی ہے اور مقامی میر جعفر اور میر صادق اس سازش کا حصہ بن گئے۔

'سزا یافتہ شخص نے پوری کابینہ کو لندن بلا لیا '

ان کا کہنا تھا کہ امریکی سازش کے نتیجے میں 22 کروڑ عوام کے منتخب حکومت نکالا گیا، عوام کے منتخب وزیراعظم کی توہین کی گئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام کرپٹ لوگ اقتدار میں آگئے ہیں اور اب عہدوں کی بندر بانٹ کر رہے ہیں، موجودہ چوروں کی حکومت میں 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، وزیراعظم شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، شریف خاندان نے 40 ارب کی کرپشن کا حساب دینا ہے، 30 سال سے ملک لوٹنے والے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا۔

انا کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کرپشن کیسز میں مفرور شخص نواز شریف کی طلبی پر وفاقی کابینہ کا لندن جانا پاکستان کی توہین ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد مارچ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قوم کے پیسوں پر سزا ہافتہ مفرور شخص سے ملنے جا رہے ہیں، ایک سزا یافتہ شخص نے پوری کابینہ کو لندن بلا لیا ہے، یہ پاکستان کی توہین ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 20 مئی کے بعد اسلام آباد آنے کی کال دوں گا، پہلے میں کہتا تھا کہ 20 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے مگر عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر کہتا ہوں کہ 20 نہیں بلکہ 25 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل شہباز شریف کہتا ہے کہ عمران خان فوج کے خلاف بات کرتا ہے، شہباز شریف کو شرم آنی چاہیے،کچھ تو شرم کرو، شہباز شریف اصل میں ہماری قوم کا میر جعفر ہے جو بیرونی سازش کے تحت مسلط کیا گیا۔

'بڑا بھائی فوج کو گالی دیتا ہے, چھوٹا جوتے پالش کرتا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ میر جعفر وہ تھا اس نے سراج الدولہ سے غداری کی تو انگریزوں نے اسے اقتدار میں بٹھایا، شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تم میر جعفر ہو، تمہیں بیرونی سازش کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی بیرون ملک اپنے کارکنوں کو مظاہرے، سوشل میڈیا مہم چلانے کی ہدایت

انہوں نے کہا کہ میر جعفر جس نے مغلوں کے گورنر سراج الدولہ سے اس وقت غداری کی جب وہ انگریزوں سے لڑ رہا تھا، انگریزوں نے غداری کرنے پر میر جعفر کو حکومت دی جس طرح امریکیوں نے شہباز شریف کو اوپر بٹھایا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کی بیٹی فوج کو گالیاں دیتی ہے اور شہباز شریف جوتے پالش کرتا ہے، انہوں نے ایک پارٹنرشپ اور کمبونیشن بنایا ہوا ہے کہ بڑا بھائی فوج کو گالی دیتا ہے اور چھوٹا جوتے پالش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ فوج کے خلاف بات کی، ان کو شرم کرنی چاہیے، میرا جینا اور مرنا پاکستان میں ہے، میں باہر جانا بھی نہیں چاہتا، حکومت میرا نام ای سی ایل پر ڈالے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے دور میں نریندر مودی کو جرات نہیں ہوئی کہ ہماری فوج کے خلاف بات کرے، ڈان لیکس کیا تھا کہ نواز شریف بھارت کو کہتا تھا کہ میں دوستی چاہتا ہوں، فوج نہیں، بھارت نے میرے اور پاک فوج کےخلاف پروپیگنڈا کیا۔

'عمران خان اور پاک فوج کے ہوتے ہوئے ملک نہیں ٹوٹے گا'

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لیے میڈیا کے 600 ادارے بنائے اور ان کے ذریعے پاکستان کے خلاف ڈس انفارمیشن دنیا میں پھیلائی۔

یہ بھی پڑھیں : اداروں کی توہین کے الزامات کا جواب کل جہلم جلسے میں دوں گا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مقصد بھی پاکستان کو توڑنا ہے مگر پی ٹی آئی اور فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، ہماری جماعت چاروں صوبوں کی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے کبھی نواز شریف اور شہباز شریف کے منہ سے کشمیر کے حق میں اور بھارت کے خلاف بات نہیں سنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن جو ملک کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کی فوج اور تحریک انصاف ملک کو اکھٹا رکھ رہے ہیں، عمران خان اور پاک فوج کے ہوتے ہوئے ملک نہیں ٹوٹے گا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سندھ جا رہا ہوں، سندھ کو آصف زرداری سے آزاد کرانا ہے، انہوں نے لانچیں بھر بھر کر پیسا باہر بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانی بڑی محنت کے بعد ملک میں پیسہ بھیجتے ہیں، یہ ڈاکومنی لانڈرنگ کر کے پیسہ باہر بھیجتے ہیں، انہوں نے ملک کو بھکاری بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کیلئے علمائے کرام کی مکمل حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا تھا فضل الرحمان کوئی ایجوکیشن کی منسٹری سنبھالیں گے، فضل الرحمان نے این ایچ اے کی منسٹری پیسہ بنانے کے لیے سنبھالی،

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی خارجہ پالسی آزاد ہے، کیا امریکا بھارت کو کہہ سکتا ہے کہ روس سے تعلق نہ رکھے، روس ہمیں تیس فیصد کم قیمت میں تیل اور گندم دینے پر راضی ہوگیا تھا مگر کیا اب شہباز شریف ماسکو سے بات کرسکتے ہیں؟ وہ ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ اس کے لیے شہبازشریف کو امریکا سے اجازت لینا ہوگی، یہ پیسے کے غلام کبھی ملک کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے۔

'اس سے زیادہ شرم کی بات نہیں کہ ملک کا سربراہ پیسے مانگے'

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف سابق صدر پرویز مشرف سے معاہدہ کر کے گیا تھا، زرداری، نوازشریف مشرف سے این آر او لیکر واپس آئے تھے، ساڑھے تین سالوں میں ایک نجی دورہ نہیں کیا تھا، سابق وزیراعظم نے 24اور سابق صدر نے 50 نجی دورے کیے تھے، انکی ساری پراپرٹی بیرون ملک ہے.

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی اسلام آباد میں ’آزادی مارچ‘ کیلئے تیار

ان کا کہنا تھا کہ چیری بلاسم کہتا ہے کہ ہم مقروض ہیں، ہم غلام ہیں اور ایک سیالکوٹ کا رنگ باز کہتا ہے کہ ہم لائف سپورٹ مشین پر ہیں، میں پوچھتا ہوں کہ قوم کو مقروض کس نے کیا، قوم کو بھکاری کس نے بنایا، گزشتہ 30 سال سے یہ 2 کرپٹ خاندان پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے سب سے زیادہ ندامت اس وقت محسوس ہوئی جب میں ملک کے لیے قرض مانگنے گیا، میں نے کبھی زندگی میں پیسے نہیں مانگے، ماں باپ بھی اس بچے کی عزت کرتے ہیں جس میں خود داری ہوتی ہے، ملک کا سربراہ کسی اورملک سے پیسے مانگے تواس سے زیادہ شرم والی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم اسلام آباد آئیں گے تو ہمارا ایک ہی مطالبہ ہوگا کہ عام انتخابات کراؤ اور اموپرٹڈ حکومت نا منظور ہے ۔

'قوم نے آزادی کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا'

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ میں حکومت سے نکل زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، وزیر اعظم ہاؤس میں تو میں بند تھا، میرا وزن بھی بڑھ گیا، میں تو انتظار کر رہا تھا کہ میں عوام میں جاؤں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بیرونی سازش کے تحت حکومت مسلط کی گئی تو قوم جاگ اٹھی، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے میری قوم کا جگادیا، قوم کو بےدار کردیا، قوم میں شعور پیدا کردیا، قوم کی غیرت کو جگادیا ہے اور اب سب پاکستانیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کے خلاف منصوبے کا گزشتہ سال جولائی میں معلوم ہوگیا تھا، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ جہلم کے عوام کو جوش و جذبہ دیکھ کر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جس طرح خواتین نکلیں ہیں، سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں پارٹی جھنڈے سے زیادہ پاکستان کا جھنڈا لے کر آئیں، بہت کم ایسے ہوتا ہے ساری قوم اکٹھی ہوجائے، ساری قوم نے آزادی کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، کبھی اتنے بڑے جلسے نہیں دیکھے، جہلم میں ایسا جلسہ پہلے نہیں دیکھا۔

'چوکیداروں' سے کہتا ہوں اپنا فرض ادا کریں، فواد چوہدری

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ میں ملک کی نگرانی پر مامور 'چوکیداروں' سے کہتا ہوں کہ وہ اپنا فرض ادا کریں اور ملک میں عام انتخابات میں کرائیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ہمارا گھر ہے اور اس کے مالک وہ لوگ ہیں جن کے نمائندے عمران خان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : میری ’کردارکشی‘ کیلئے مواد تیار کیا جارہا ہے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ اس گھر پر ڈاکوؤں نے حملہ کیا ہے اور جب ڈاکو حملہ کرتے ہیں تو 'چوکیدار' یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ غیر جانبدار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جہلم 'چوکیداروں' سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنا فرض ادا کریں اور الیکشن کرائیں، یہ اس ملک کے بحران کا واحد حل ہے۔

فواد چوہدری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات نہیں کرائے گئے تو لوگ معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کے لیے تیار ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا بہتر ہے کہ جن کا کام آئین کے مطابق ازخود نوٹس لینا ہے وہ اپنا فرض ادا کریں اس سے پہلے کہ عوام ایسا کچھ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Fahad May 10, 2022 11:25pm
شرم کرو نیازی ان سب سے زیادہ قرضہ آپ نے لیا ویسے آپ کہتے ہو آپکو شرم آتی تھی مانگتے ہوئے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں آپ نے پھینکا انتہائی بدتمیز اور گندی زبان آپ کےدور میں چلائی گئی اور اب پھر عوام کو بےوقوف بنانے آگے ہو تاکہ جو باقی قصررہ گئی ہے وہ بھی پوری کرلوآپ پر تو یہ نارہ بلکل فٹ ہوتا ہے پی ٹی آئی پیٹھ دی آئی اب صرف پیٹھنا ہی آپ کا مقدر ہے

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024