• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا اموات تصدیق شدہ ہیں، وزارت صحت

شائع May 7, 2022
پاکستان میں حکومتی اعداد و شمار سے زیادہ اموات ہوئیں، عالمی ادارہ صحت کا دعویٰ—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں حکومتی اعداد و شمار سے زیادہ اموات ہوئیں، عالمی ادارہ صحت کا دعویٰ—فائل فوٹو: رائٹرز

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے رد عمل میں قومی وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے ہونے والی اموات تصدیق شدہ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں اور اضافی اموات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

قومی ادارہ صحت نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کورونا اموات سے متعلق کسی طرح کا سسٹم اور نظام درست ہو ہی نہیں سکتا، تاہم پاکستان کا نظام قدرے معیاری اور مستند تھا۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہر موت کو پہلے ضلعی، پھر صوبائی سطح پر تصدیق کیا گیا جب کہ قبرستانوں سے بھی ریکارڈ حاصل کیا گیا۔

قومی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا سے ہونے والی اموات حکومت کے بتائے گئے اور تصدیق کیے گئے اعداد و شمار جتنی یا اس کے قریب ترین ہیں، اضافی اموات کا امکان نہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا کے دوران پاکستان میں اموات کی شرح میں اضافہ ہوا اور کیسز میں بھی نمایاں تیزی دیکھی گئی مگر کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستانی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔

بیان کے مطابق پاکستان میں اموات کی رپورٹنگ کے لئے با قاعدہ نگرانی کے متعدد نظام موجود ہیں، معاون ڈیٹا کے ساتھ رپورٹ کردہ ہر نمبر کا موثر اور قابل اعتماد میکانزم کے ساتھ بیک اپ لیا گیا، اس کی ضلعی اور صوبائی سطح سے بھی تصدیق کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے بلواسطہ یا بلاواسطہ ڈیڑھ کروڑ ہلاکتیں ہوئیں، عالمی ادارہ صحت

ساتھ ہی بیان میں واضح کیا گیا کہ قبرستانوں میں رپورٹ ہونے والی اضافی اموات کورونا سے ملتی جلتی ہو سکتی ہیں تاہم ان کی تعداد حکومتی اعداد و شمار سے مختلف نہیں۔

وزارت صحت کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان 97 فیصد مسلم آبادی پر مشتمل ہے، جہاں کورونا کے باعث جاں بحق افراد کی اکثریت کی مخصوص قبرستانوں یا قبروں میں تدفین کی گئی، جس کا باقاعدہ ریکارڈ موجود ہے۔

وزارت صحت کے بیان سے قبل عالمی ادارہ صحت نے 5 مئی کو اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے بلواسطہ یا بلاواسطہ 62 لاکھ نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ اموات ہوئیں۔

رپورٹ میں دنیا بھر کے ممالک میں ہونے والی ممکنہ اموات کا ڈیٹا دیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ امریکا اور بھارت سمیت کئی ممالک نے کورونا سے ہونے والی اموات کو کم کرکے بتایا۔

رپورٹ میں کئی ممالک کے حوالے سے اندازوں کے مطابق ڈیٹا فراہم کیا گیا تھا، جس کے مطابق پاکستان میں حکومتی سطح پر تسلیم شدہ اموات سے 8 گنا زیادہ اموات ہوئیں، جنہیں ممکنہ طور پر ظاہر ہی نہیں کیا گیا مگر حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا اموات کی حکومتی تعداد درست ہے۔

پاکستان میں حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے آغاز سے 7 مئی کی شام تک ملک بھر میں اموات کی تعداد 30 ہزار 369 تھی۔

پاکستان میں 7 مئی 2022 تک کورونا اموات کی تعداد 30 ہزار 369 تھی—وزارت صحت
پاکستان میں 7 مئی 2022 تک کورونا اموات کی تعداد 30 ہزار 369 تھی—وزارت صحت

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024